ریسکیو1122سیالکوٹ نے جون میں 2120ایمرجنسی کالز پر بروقت کاروائی کی، ترجمان ریسکیو

منگل 5 جولائی 2022 23:08

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2022ء) ریسکیو1122 سیالکوٹ نے ماہ جون میں 2120 ایمرجنسی کالز پر بروقت کاروائی کر کے 1619لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔ ترجمان ریسکیو 1122 سیالکوٹ کے مطابق سینٹرل ریسکیو1122اسٹیشن پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی سربراہی میں ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ونگ اور اسٹیشنز انچارجز شامل تھے۔

ایمرجنسی آفیسر عرفان یعقوب نے ماہانہ کارکردگی کا مختصرا جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو کنٹرول کو25288فون کالز موصول ہوئیں جس میں سے2120ایمرجنسی کالز تھیں جبکہ باقی بوگس اور غیر ضروری کالز تھیں۔ ایمرجنسی کالز میں 727 سڑک کے حادثات،177آگ لگنے کہ واقعات، 70کرائم ایمرجنسیز،10ڈوبنے کے واقعات،874میڈیکل ایمرجنسیزاور262ریسکیو آپریشنز جن میں جانوروں کو ریسکیو کرنا شامل ہے کی کالز موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

ریسکیو1122نے بروقت کاروائی کر کے1701مریضوں میں سے317مریضوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد مہیا کی 1302،مریضوں کو ابتدائی طبی امداد مہیا کرنے کہ بعدزندہ ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ 82مریض ہسپتال منتقلی کے دوران یا جائے حادثہ پر انتقال کر گئے۔ ریسکیو1122نے مریض منتقلی سروس کے تحت 31لوگوں کو ایڈوانس طبی سہولیات کے لیے لاہور منتقل کیا۔ ریسکیو1122نے کمیونٹی ٹریننگ پروگرام کے تحت 07تربیتی سیشن میں 181لوگوں کو ابتدائی طبی امداد اور آگ سے بچنے کی تربیت فراہم کی۔

ریسکیورز نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر کی ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ریسکیو محافظین کو انتہائی رش والی جگہ پر تعینات کیا جو کہ ٹریفک کی روانگی کو یقینی بنانے میں ٹریفک پولیس کی معاونت کرتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کارکردگی کو سراہا اور ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسی طرح جوش و جذبہ کے ساتھ عوام الناس کی خدمت میں سرشار رہیں۔