صدر، برنس روڈ، کھارادر، نانک واڑہ، جوبلی، پریڈی پر ہوٹل چلانا محال ہوگیا ہے،کراچی ہوٹلز ریسٹورنٹس کیفے ویلفیئر ایسوسی ایشن

ہفتہ 23 جولائی 2022 00:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2022ء) کراچی ہوٹلز ریسٹورنٹس کیفے ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ صدر، برنس روڈ، کھارادر، نانک واڑہ، جوبلی، پریڈی پر ہوٹل چلانا محال ہوگیا ہے۔ ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ ساؤتھ کے فرنٹ مین نام نہاد اسسٹنٹ ڈائرکٹر شاہ نواز شانی اور ان کے پرائیویٹ بیٹرز نے روزانہ کی بنیاد پر اپنے گھروں، دفتروں اور افسران کی فرمائشیں پوری کرنے کیلئے ہوٹلوں سے مفت کھانا لے جانے اور ہفتہ وار بھتہ خوری کی انتہا کردی ہے۔

جس سے اب کھانے پینے، چائے ریفریشمنٹ کا کام چلانا مشکل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

اعلیٰ حکام کو کی گئی شکایات انہی افراد کے پاس پہنچتی ہیں اور پھر یہ لوگ ہوٹلوں کے اندر سے کرسیاں، ٹیبلیں، برتن، چولہے وغیرہ اٹھاکر لے جاتے ہیں اور بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد سامان واپس کرتے ہیں جس سے کاروبار متاثر ہورہا ہے جبکہ لاتعداد چائے، سموسے اور دیگر لوازمات بھی روزانہ کی بنیاد پر منگوائے جاتے ہیں۔ پورے ساؤتھ کو ڈائریکٹر شاہ نواز شانی کو ٹھیکے پر دے دیا ہے جو کہ اپنے پرائیویٹ بیٹرز اور اپنے بھائی کے توسط سے ساؤتھ کو چلارہا ہے۔کراچی ہوٹلز ریسٹورنٹس کیفے ویلفیئر ایسوسی ایشن نے ایڈمنسٹریٹر ساؤتھ سے شاہ نواز شانی اور ان کی پوری ٹیم کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :