انسانی سمگلنگ کی بڑی وجہ غربت ہے،سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب جاویداخترمحمود

منگل 26 جولائی 2022 17:34

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2022ء) سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیش نے "پاکستان میں انسانی سوداگری اورجبری مشقت کےخلاف جنگ اورجنوبی پنجاب کے موضوع پر مقامی ہوٹل میں ڈائیلاگ کا انعقاد کیا۔جس میں جنوبی پنجاب کے 11اضلاع سے سول و پولیس افسران،عدلیہ،محکمہ لیبر اور سوشل ویلفئر کے افسران نے شرکت کی ،اس سیشن کا مقصداس مسئلے کے ملک پر مرتب ہونیوالے اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔

سیشن میں متعلقہ قوانین،طریقہ کار،اس کی نشاندہی اور اس کو روکنے کے لیے سرکاری محکموں کی مدد کرنے میں شہریوں کا کردار پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پرسیکرٹری ہاوسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود نے ڈائیلاگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ کی بڑی وجہ غربت ہے۔

(جاری ہے)

غریب ایک اچھے مستقبل کےخواب دیکھنے کی وجہ سے ییومن ٹریفکنگ کا ایندھن بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے قانون سازی کرنا ہوگی جبکہ غربت کے خاتمہ کے لئے دیگر اقدامات کے علاوہ آبادی پر کنٹرول کرنا ہو گا۔جاوید اختر محمود نے کہا کہ جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے لئے عملی اقدامات کرنے ہونگے اور اس کے لئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وائس چانسلر بہاالدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا کہ پاکستان میں انسانی انسانی سمگلنگ کا آغاز 2009 میں ہوا اور سیکس،لیبر اور پیسہ اس کی تین بنیادی وجوہات ہیں۔انہوں نے بتایا انسانی سمگلنگ انسانی اعضاء کے لئے بھی کی جاتی ہے ۔سیشن میں اس لعنت سے لڑنے میں پاکستان کی پیشرفت پر بھی روشنی ڈالی گئی ۔