وفاقی حکومت کا فائز عیسیٰ کیخلاف کیوریٹو ریویو واپس لینے اور ریفرنس بنانے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جھوٹا ریفرنس بنانے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے کابینہ کی سب کمیٹی قائم کر دی، وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ

بدھ 27 جولائی 2022 20:23

وفاقی حکومت کا فائز عیسیٰ کیخلاف کیوریٹو ریویو واپس لینے اور ریفرنس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2022ء) وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے سینیئر جج قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹو ریویو واپس لینے کی منظوری دے دی۔بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہاکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جو کیوریٹو ریویو داخل کیا گیا تھا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی،یہ کیوریٹو ریویو قاضی فائز عیسیٰ کو دباؤ میں رکھنے کیلئے دائر کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ قاضی فائزعیسیٰ ایک معزز جج ہیں، شہزاد اکبرجیسے غنڈوں نے ان کے ساتھ زیادتی کی۔وزیر داخلہ نے کہاکہ قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جھوٹا ریفرنس بنانے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے کابینہ کی سب کمیٹی قائم کر دی ہے جو ان ذمہ داران کیخلاف کارروائی پر رپورٹ دے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کابینہ اور لا سیکرٹری نے بتایا یہ ریفرنس دائر کرنے میں کابینہ کی منظوری نہیں لی گئی تھی، یہ اٴْس وقت کے وزیر قانون اور شہزاد اکبر نے تماشہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے عدالت کے ازخود نوٹس، بینچ تشکیل کے اختیارات پر قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے، جوڈیشل ریفارمز پر پارلیمانی کمیٹی بنے گی۔ انہوںنے کہاکہ از خود نوٹس اور بینچ تشکیل کا اختیار چیف جسٹس کے بجائے سینئر ججز کے پاس ہونا چاہیے، صدر مملکت کا وزیراعظم کی تجویز پر عمل کرنالازمی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کابینہ اجلاس میں گورنرراج لگانے پر بھی بات چیت ہوئی، صدر وزیراعظم کی تجویزنہیں مانیں گے تو 10دن بعد اس پرعملدرآمد ہو جائے گا۔