تحریک انصاف کے 13رہنمائوں نے انسداد دہشت گردی عدالت میں دائر عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں

جمعہ 5 اگست 2022 20:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اگست2022ء) تحریک انصاف کے 13رہنمائوں نے لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ ، پولیس پر تشدد اور دیگر الزامات کے تحت درج مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت میں دائر عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں،تمام رہنمائوں نے پولیس کی طرف سے بے گناہ ہونے کی بنیاد پر ضمانت کی درخواستیں واپس لیں جس پر عدالت نے کیس نمٹا دیا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جج عبہر گل نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی ۔ملزمان کی طرف سے برہان معظم ملک اور میاں تبسم ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔شفقت محمود، ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر، عندلیب عباس ، میاںمحمود الرشید، عمیر خان نیازی، جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ ،اعجاز چودھری، میاں اسلم اقبال، ندیم عباس بارا اور دیگر نے عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لیں۔

(جاری ہے)

وکلاء نے موقف اپنایا کہ تحریک انصاف کے تمام رہنمائوں کو 4 مقدمات میں بیگناہ کر دیا گیا ہے،سیاسی رہنمائوں پر دہشتگردی کی دفعات عائد کرنا آئین اور جمہوریت کی خلاف ورزی تھی، دہشتگردی کا قانون دہشتگردوں کیلئے بنایا گیا تھاسیاسی رہنمائوں کیلئے نہیں۔ پولیس کی جانب سے تفتیش میں بے گناہ قرار دئیے جانے پر عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لینا چاہتے ہیں جس پر عدالت نے بھی کیس نمٹا دیا۔

پولیس کی جانب سے موقف اپنایاگیا کہ کسی مقدمہ میں ملزمان کی گرفتاری درکار نہیں ،ملزمان کا ان مقدمات میں کوئی کردار نہیں ۔تھانہ گلبرگ ،بھاٹی گیٹ ،تھانہ شفیق آباد اور تھانہ شاہدرہ میں درج مقدمات میں پی ٹی آئی رہنمائوں پر درج مقدمات میں دہشتگردی کی دفعات ختم کیں اور بے گناہ قرار دے دیا۔