حکومت پنجاب کی جانب سے یوم عاشور پر سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں ،علی افضل ساہی

Yصوبائی وزراسمیت تمام انتظامی مشینری متحرک ہے تحفظ عامہ کیلئے تمام تر حفاظتی وانتظامی امور کی سخت مانیٹرنگ کر رہی ہے تاکہ یوم عاشورکے تقدس پر آنچ نہ آئے،صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس

اتوار 7 اگست 2022 20:40

0لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2022ء) صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس/انچارج محرم الحرام انتظامات ضلع فیصل آباد علی افضل ساہی نے کہا کہ وزیر اعلی چوہدری پرویز الہی کی ہدایت پرحکومت پنجاب کی جانب سے یوم عاشور پر امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں جن پر موثر انداز میں عملدرآمد کے لئے صوبائی وزراسمیت تمام انتظامی مشینری متحرک ہے جو تحفظ عامہ کیلئے تمام تر حفاظتی وانتظامی امور کی سخت مانیٹرنگ کر رہی ہے تاکہ یوم عاشورکے تقدس پر آنچ نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ یوم عاشورپر حفاظتی انتظامات میں معمولی سی بھی لغزش کی گنجائش نہیں لہذا تعزیہ وذوالجناح کے جلوسوں ومجالس کی ہر زاویے سے سخت ترین حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات سرکٹ ہاس میں ڈویژنل وضلعی انتظامیہ،پولیس افسران اور ضلعی امن کمیٹی کے ارکان سے میٹنگ کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر مائینز اینڈ منرل چوہدری لطیف نذر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ارکان اسمبلی فردوس رائے، حبقوق گل،ڈویژنل کمشنر زاہد حسین،آرپی اومعین مسعود،ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ،سی پی اوملک عمر سعید،ایڈیشنل کمشنر طارق نیازی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز قیصر عباس رند،کاشف رضا اعوان،ایس ایس پی آپریشنز محمد افضل،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران کے علاوہ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا محمد یوسف انور،مفتی محمد ضیامدنی،مولانا محمد ریاض کھرل،عبدالرشید،اسلم بھلی اور امن کمیٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس نے حساس جلوسوں ومجالس اور فلیش پوائنٹس پر اضافی سٹاف کی تعیناتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اورپولیس کے سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہ کر تمام امور پر گہری نظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کے ساتھ انہیں چوکس رکھا جائے اور تمام تر آلات ہر لحاظ سے فعال رہنے چاہیں۔

انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم سے حفاظتی اقدامات کی مانیٹرنگ میں تعطل نہیں آنا چاہیے اور مختلف محکموں کا سٹاف رپورٹ ہونے والے کسی بھی واقعہ پر فوری ردعمل کا مظاہرہ کرے جبکہ سامنے آنے والے مسئلہ کے ازالہ میں تاخیر نہ کی جائے۔انہوں نے محرم ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور ڈاکٹرز وپیرا میڈیکس سٹاف کی حاضری یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ادویات کا بھی خاطر خواہ بندوبست ہو۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پریوم عاشورتک محرم انتظامات کی مانیٹرنگ کریں گے جنہیں کامیاب بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔صوبائی وزیر نے امن وامان کے قیام کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی کے ارکان کی جاری کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علماکرام کی سربراہی میں پنجاب حکومت نے بہترین اقدامات کئے ہیں جن کی کامیابی کے لئے پرعزم ہیں۔

صوبائی وزیر مائینز اینڈ منرل چوہدری لطیف نذر نے کہا کہ امن کا قیام ہردلعزیز ہے۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 9 اور 10 محرم کے لئے تمام تر انتظامی وحفاظتی اقدامات چوکس ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عشرہ کے دوران 1281 جلوس اور 444 مجالس ہورہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 74 کی زبان بندی اور 52 کی ضلع بندی کی گئی ہے۔ انہوں نے محرم جلوسوں کے روٹس پرفراہم کی جانیوالی یوٹیلٹی سروسز سے آگاہ کیا۔سی پی او نے سیکیورٹی کے انتظامات پر بریفنگ دی۔امن کمیٹی کے ارکان نے عشرہ محرم کے جاری انتظامی وحفاظتی اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ مذہبی رواداری کے فروغ لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی