انڈسٹری اور اکیڈمیا کے مابین روابط پائیدار صنعتی ترقی کے کیلئے انتہائی اہم ہیں ،وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹرآصف محمود جاہ

پیر 8 اگست 2022 14:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ انڈسٹری اور اکیڈمیا کے مابین روابط پائیدار صنعتی ترقی کے کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ ان سے اقتصادی ترقی کے فروغ اور معیشت کے مختلف شعبوں میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کے استعمال کے بارے میں علم کو ترویج دی جا سکتی ہے۔ پیر کوسپیل ٹیکنالوجی سپورٹ کے چیئرمین اور سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری الماس حیدر کی قیادت میں کارپوریٹ سیکٹر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف جاہ نے کہا کہ دونوں شعبوں کے مضبوط روابط اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ یونیورسٹیوں میں تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیاں مکمل طور پر مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، ہمیں ضرورت ہے کہ لوگ جدت طرازی کرتے رہیں اور ملکی اور عالمی منڈیوں کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے نئی ایپلی کیشنز تیار کریں۔

(جاری ہے)

یہ روابط ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرنے اور علم کے اشتراک کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں اس میدان میں بہترین شراکت دار ہیں کیونکہ ان کے پاس مناسب تحقیقی ماحول میسر ہوتا ہے جس میں ذہین دماغ ایک دوسرے کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرتے اور نئی ٹیکنالوجیز تک رسائی کی اہلیت رکھتے ہیں جو ترقی کی کوششوں میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی شراکت داری کے امتزاج اور مناسب فنڈنگ کے ساتھ مہارتوں کے فرق کو پر کرنے کیلئے دنیا بھر میں کہیں بھی21 ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ افرادی قوت پیدا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب اور مشرق نے صنعتی انقلاب کے بعد زبردست ترقی کی ہے اور انڈسٹری اکیڈمیا اور صنعت کے ربط سے مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعلی ٹیکنالوجی کی مصنوعات کی کمرشلائزیشن اکیڈمیا اور انڈسٹری کے مضبوط ربط کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

وفد کے سربراہ الماس حیدر نے کہا کہ اس اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کے لیے امریکہ کی ایک معروف کمپنی سے 2.69 ملین ڈالر مالیت کے انتہائی جدید "آٹو ڈیسک سافٹ ویئر" کی مفت سپورٹ حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جس سے طلبہ کو تازہ ترین معلومات دستیاب ہونگی اور شام کے پروگراموں کے ذریعے نوکری پیشہ ور ایگزیکٹوز کی تربیت ممکن ہو سکے گی اور فیکلٹی اور طلبہ کو دنیا کے بہترین آٹوڈیسک سافٹ ویئر تک براہ راست مفت رسائی حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اسپیل ٹیکنالوجی سپورٹ نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کے ساتھ خصوصی طور پر تعلیمی مقاصد کے لیے ایم او یو پر دستخط کیے ہیں اورآٹو ڈیسک سافٹ ویئر ان کے حوالے کیا ہے جس میں دس جدید ترین ڈیزائن ٹولز شامل ہیں جو دنیا بھر میں فن تعمیر، انجینئرنگ، تعمیرات، میڈیا، انٹرٹینمنٹ ، ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں جدید ترین ڈیزائننگ کیلئے استعمال ہو رہے ہیں۔

انہوں نے اکیڈمیا اور انڈسٹری کے ساتھ اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان میں تعلیمی اداروں کی معاونت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آٹو ڈیسک سافٹ ویئر کا مقصد ایسی مصنوعات ڈیزائن کرنا تھا جو آسانی سے اور کم لاگت کے ساتھ تیار کی جا سکیں کیونکہ کسی پراڈکٹ کی لاگت کا 70 فیصد تعین ڈیزائن پر منحصر ہوتا ہے۔