چکوال میں عاشورہ محرم پورے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، سیکورٹی کے سخت انتظامات تھے

بدھ 10 اگست 2022 20:18

چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2022ء) چکوال میں عاشورہ محرم پورے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔دسویں محرم کا مرکزی جلوس زیر اہتمام چوہدری محمد علی خان چوہدری ناصر علی خان امام بارگاہ سرپاک سے برآمد ہوا۔جس میں ہزاروں ماتم داروں نے شرکت کی۔ماتمیوں نے ہاتھوں میں شبیع روزہ حضرت امام حسین،زری حضرت عباس علمدار،جھولا شہزادہ علی اصغر،مہندی شہزادہ قاسم،شبیع علم حضرت عباس علمدار اٹھا رکھے تھے۔

ماتم داری کرتے ہوئے دربار سخی ثابت ثبوت پہنچے۔اور وہاں پر مجلس عزا کا سلسلہ شروع ہو گیا۔مرکزی ماتمی جلوس شبیع ذوالجناح برآمد کرنے کے لیے حسب سابق راجہ نبیل عابد مرحوم کی رہائشگاہ کی طرف روانہ ہو گیا۔صبح ہی سے مومنین و مومنات شبیع ذوالجناح کی زیارت کے لیے بڑی تعداد میں راجہ نبیل عابد کی رہائشگاہ پہنچنا شروع ہو گئے۔

(جاری ہے)

سینکڑوں ماتمی سنگتوں اور خواتین نے ماتم داری کا پرسہ پیش کیا۔

مقامی پولیس کی بھاری نفری فول پروف سیکورٹی کے لیے راجہ نبیل عابد کی رہائشگاہ کے چاروں اطراف موجود رہی۔تقریبا ساڑھے 12بجے راجہ نبیل عابد کے گھر سے شبیع ذوالجناح برآمد ہوئی۔شبیع ذوالجناح کا بڑا جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دربار سخی ثابت ثبوت پہنچا۔وہاں پر ذاکر وسیم عباس بلوچ اور محسن رضا کاظمی نے شہادت حضرت امام حسین بیان کی۔

مومنین نے گریہ کیا۔اختتام مجلس مذکورہ جلوس بخیر و عافیت قدیمی امام بارگاہ سرپاک پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔مجلس شام غریباں چوہدری غلام عباس مرحوم کے گھر منعقد ہوئی۔جبکہ زنانہ مجلس شام غریباں امام بارگاہ میں منعقد کی گئی۔ڈپٹی کمشنر چکوال عدنان محمود اعوان ،ڈی پی او چکوال محمد بن اشرف کی طرف سے ڈی ایس پی صدر اصغر علی گورایا ،ایس ایچ او سٹی عاطف رضا نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ایڈمنسٹریٹر بلدیہ تنویر مرتضیٰ،چیف آفیسر بلدیہ سمیر انتظار چیمہ اپنے عملہ کے ہمراہ جلوس کے ہمراہ رہے۔

اور انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ عوام اور مومنین کی طرف سے بلدیہ نے صفائی ستھرائی کا جو انتظام کیا ہے وہ اطمینان بخش ہے۔جگہ جگہ شدید گرمی کے موسم میں ٹھنڈے مشروبات کی سبیلیں لگائی گئی۔اور شہر بھر میں نظر و نیاز تقسیم کی جاتی رہی جبکہ ریسکیو1122،محکمہ سول ڈیفنس،بلدیہ،واپڈا اور دیگر سرکاری ادارے بھی جلوس کے ہمراہ موجود رہے۔\378