وزیر اعظم سے یورپی یونین کے سفیر کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لئے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی ضرورت ہے،وزیراعظم شہبازشریف

جمعرات 11 اگست 2022 20:14

وزیر اعظم سے یورپی یونین کے سفیر کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2022ء) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ اپنیتاریخی اور تعاون پرمبنی دوطرفہ تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے مابین شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لئے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی ضرورت ہے، پر امن اور مستحکم افغانستان خطے کے لئے اہم ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں یورپی یونین کی نئی تعینا ت ہونیوالی سفیر ڈاکٹرریناکونیکا نے جمعرات کو وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مشیل اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولاوان ڈیرلیین کے ساتھ اپنی حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہارکیا کہ یورپی یونین کے پارلیمانی وفود کے پاکستان کے آئندہ دوروں کیساتھ ساتھ اگلے یورپی یونین پاکستان تزویراتی بات چیت کے منصوبے کے تحت سیاسی اور سکیورٹی ڈائیلاگ سے دونوں فریقین کیدوران مزید ٹھوس تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کوپاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی فائدہ مند تجارتی تعلقات میں اضافے کا سہرا موجودہ جی ایس پی پلس سکیم کے سر ہے۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ پاکستان 2023 کے بعد بھی اس انتظام کا حصہ رہے گا۔ وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے لئے مسلسل اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ رواں سال پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر وزیراعظم نے اس سنگ میل کو دونوں اطراف سے مناسب طریقے سے منانے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان اہم ہے۔ پاکستان نے گزشتہ سال اگست کی پیشرفت کے بعد افغانستان کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کو بے مثال تعاون فراہم کیا ہے۔ ڈاکٹررینکا کونیکا نے وزیراعظم کی جانب سے خیر مقدم پرشکریہ ادا کرتیہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنی تعیناتی کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے بھرپور کرداراداکریں گی۔