لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کہ جو آزادی حاصل کی گئی تھی اسکی تکمیل ادھوری ہے،سید مصطفی کمال

پیر 15 اگست 2022 23:00

لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کہ جو آزادی حاصل کی گئی تھی اسکی تکمیل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2022ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کہ جو آزادی حاصل کی گئی تھی اسکی تکمیل ادھوری ہے۔ انگریز ہمیں حج، نماز یا روزے سے نہیں روکتا تھا بلکہ عوام کو انکے علاقے کا اختیار نہیں دیتا تھا۔ آزادی کے 75 سال بعد بھی آج یہی صورتحال ہے بلکہ اس سے بدتر ہے۔

پاک سرزمین پارٹی تکمیل آزادی کی جدوجہد کر رہی ہے، با اختیار بلدیاتی نظام کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ تکمیل آزادی کے لیے لازم ہے پاکستان بھر کی عوام کو اختیار اور وسائل انکی دہلیز پر مہیا کیے جائیں تاکہ ناصرف انکے مسائل حل ہوں بلکہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔ اسکے لئے تین آئینی ترامیم پیش کی ہیں جس سے کسی محب وطن پاکستانی کو تکلیف نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

پہلی این ایف سی ایوارڈ کی طرز پر پی ایف سی ایوارڈ براہِ راست وفاق سے ڈسٹرکٹ کو منتقل کیا جائے، دوسری آئین میں آرٹیکل 140 اے کی تشریح کر کے میئر کے اختیارات اور ڈپارٹمنٹ وزیراعظم اور وزیراعلی کی طرح تحریر کر دیئے جائیں۔ تیسری ترمیم کے زریعے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کو بلدیاتی انتخابات سے مشروط کیا جائے تاکہ ملک میں حقیقی جمہوریت پنپ سکے اور عام آدمی کو ریاست میں شرکت کا احساس ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاس میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، نیشنل کونسل اور ڈسٹرکٹ انچارجز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الحمد للہ صرف ہمارے پاس وہ علم، تجربہ، صلاحیت اور کردار ہے جو پاکستان کو ٹھیک کردے گا۔ قوم کے پاس پی ایس پی کے علاہ کوئی دوسرا آپشن نہیں کیونکہ تمام تجربات ناکام ہوچکے۔