اسپیکر قومی اسمبلی کی ممتاز صحافیوں کو قومی سول ایوارڈز 2022 کے لیے نامزد ہونے پر مبارکباد

پیر 15 اگست 2022 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2022ء) اسپیکر قومی اسمبلی نے ممتاز صحافیوں کو قومی سول ایوارڈز 2022 کے لیے نامزد ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ صحافی برادری نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور معاشرے میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ میں میڈیا کا کردار قابل ستائش ہے، میں مجیب الرحمٰن شامی، الطاف حسن قریشی کو (ہلال پاکستان)، جاوید چوہدری کو ( ستارہ پاکستان) کے لیے نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوںنے کہاکہ میں ندیم ملک، ٹکا خان اور حافظ طاہر خلیل کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی کے لیے نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، احمد عارف نظامی (مرحوم) کو (ہلال پاکستان)، ضیاء الدین (مرحوم) اور عطاء رحمان (مرحوم) کو (ستارہ پاکستان)،کے ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے اور صحافت کے میدان میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اجے لالوانی (مرحوم) ارشاد مستوئی (مرحوم) موسیٰ خان خیل (مرحوم) عارف خان (مرحوم) ضیاء الرحمان فاروقی (مرحوم) شاہد زہری (مرحوم) کو (تغمہ پاکستان) کے ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے پر صحافت کے میدان میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ قومی سول ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والے صحافیوں نے صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ صحافت کے میدان میں اعلیٰ خدمات پیش کرنے کے اعتراف میں انہیں قومی سول ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، ایوارڈ یافتہ صحافی، صحافت کے میدان میں نئے آنے صحافیوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔