بڑھتی ہوئی مہنگائی کامعاملہ صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچ گیا،کسمپرسی کی زندگی گزارنے والے دووقت روٹی کےلئے سرگرداں ہیں،جماعت اسلامی

بدھ 17 اگست 2022 22:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2022ء) عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باوجود تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کامعاملہ صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے ممبران صوبائی اسمبلی حمیرا خاتون ،عنایت اللہ خان اور حاجی سراج الدین خان نے تحریک التواءاسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کراتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ ملک بھر میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی اورعالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود اس کمی کا فائدہ عوام کو دینے کے بجائے حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

جبکہ دوسری طرف بجلی کے بلز میں ٹیکسوں کی بھرماراور بجلی کے نرخ میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ہاتھوں عوام بالخصوص خط غربت کے نیچے انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے والے تقریبا50فیصدسے زائد عوام بڑی مشکل سے دووقت کی روٹی کے لئے سرگرداں ہیں۔