محکمہ ہائوسنگ میں ملازمین کے لئے کم از کم ماہانہ اجرت 26 ہزار روپے یقینی بنانے کے احکامات جاری

بدھ 17 اگست 2022 23:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2022ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ہاوسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے پراونشل ہاوسنگ اتھارٹی کے حکام کو وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایات کے مطابق محکمے میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین کے لئے کم از کم ماہانہ اجرت 26 ہزار روپے یقینی بنانے کے لیے احکامات جاری کیے ہیں۔یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز پی ایچ اے کی اکتیسویں اتھارٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

اجلاس میں سیکرٹری محکمہ ہاوسنگ، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، ڈائریکٹر جنرل و ڈائریکٹر فنانس پراونشل ہاوسنگ اتھارٹی سمیت نمائندہ بورڈ آف ریونیو، بلدیات اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔اس موقع پر پچھلے اتھارٹی اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر پیش رفت سے متعلق شرکاءاجلاس کو تفصیلات سے آگاہ کرنے کے علاوہ کل 10 ایجنڈاز زیر بحث لائے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمے کے مالی سال 2021-22 اور 2022-23 کیلئے نظرثانی شدہ بجٹ سے متعلق سپیشل فنانس کمیٹی بنانے اور تمام امور کا بغور جائزہ لینے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر انھوں نے پراونشل ہاوسنگ اتھارٹی کی ریگولیشنز کو منظوری کے لئے صوبائی کابینہ اجلاس میں پیش کرنے اور متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں امور استوار کرنے کے لیے بھی ھدایات جاری کئے۔اتھارٹی اجلاس میں ریجنل فیسلیٹیشن سنٹرز کیلئے کل 10 جبکہ جلوزئی ہاوسنگ سکیم کے لئے عارضی طور پر بھرتی شدہ کل 25 ملازمین کی مستقلی سے متعلق ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں ضلع بنوں میں بنی گل ٹاون شپ کے نام سے مجوزہ رہائشی منصوبے پر عملی کام شروع کروانے کی مشروط اجازت دے دی گئی، تاہم مذکورہ منصوبے کے حوالے سے اب تک اٹھائے گئے اقدامات پر بورڈ ممبران کو تفصیلی بریفنگ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر جلوزئی ہاوسنگ سکیم میں گیس و بجلی منصوبوں کے مد میں درکار اضافی فنڈز کیلیے محکمہ ترقی و منصوبہ سازی سے مشاورت کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔