شہباز گل کو پمز ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ

تمام طبی رپورٹس موصول ہونے کے بعد 6 رکنی میڈیکل بورڈ نے پی ٹی آئی رہنما کو ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کی متفقہ منظوری دے دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 اگست 2022 00:26

شہباز گل کو پمز ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست 2022ء) شہباز گل کو پمز ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے کیس کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہباز گل کو پمز ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام طبی رپورٹس موصول ہونے کے بعد 6 رکنی میڈیکل بورڈ نے پی ٹی آئی رہنما کو ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کی متفقہ منظوری دی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہبازگل تشدد کیس کے حوالے سے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ جیو نیوز کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس عمر فاروق نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ شہبازگل کے وکلاء نے بتایا شہبازگل سے ملنے نہیں دیا جارہا، شہبازگل کے وکلاء ملزم سے ملاقات سے متعلق قانون بتانے سے قاصر رہے، اسپیشل پبلک پراسکیوٹرز کی جانب سے ملاقات کا قانون بتایا گیا، شہبازگل کے وکلاء اور دوستوں کو ملنے کی اجازت دی جاتی ہے، حکم نامے میں کہا گیا کہ پولیس یقینی بنائے کہ شہبازگل سے ملاقات کی اجازت کا غلط استعمال نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

تحریری حکم نامے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہبازگل کی حوالگی میں تاخیر کی وضاحت کو غیرتسلی بخش قرار دے دیا ، جیل حکام نے بتایا کہ شہبازگل کی خرابی صحت تاخیر کا باعث بنی، جیل میڈیکل آفیسر نے پوچھنے پر بتایا کہ شہبازگل کو بچپن سے دمہ ہے، اڈیالہ جیل حکام نے جو وضاحت دی وہ تسلی بخش نہیں، جیل حکام پیر تک تحریری وضاحت پیش کریں، شہبازگل کے ریمانڈ کی درخواست پیر کو میرٹ پر سنی جائے گی، آئی جی اسلام آباد شہبازگل پر تشدد کے معاملے کی انکوائری کریں، آئی جی اسلام آباد تمام متعلقہ افراد کو طلب کریں۔

جبکہ جیونیوز کے مطابق جمعرات کی شام کو پمز میڈیکل بورڈ نے پی ٹی آئی رہنماء شہبازگل کو فوری ڈسچارج نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، شہبازگل کے کمرے کو سب جیل قراردینے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا، بتایا گیا کہ شہبازگل کی بعض ٹیسٹ رپورٹس رات کو موصول ہوں گی، ڈسچارج کرنے کا فیصلہ ٹیسٹ رپورٹس کے نتائج دیکھ کر کیا جائے گا۔