پاکستان کسٹمز نے 453 ملین روپے مالیت کی ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی

جمعہ 19 اگست 2022 22:55

پاکستان کسٹمز نے 453 ملین روپے مالیت کی ممنوعہ اشیاء  کی اسمگلنگ کی بڑی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2022ء) کلکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمنٹ (ویسٹ) ایف بی آر کراچی نے ایس آر او-598(I)/2022 کے تحت بیش قیمت اور زیادہ ٹیرف والی زیادہ تر ممنوعہ اشیاء کو کلیئر کرکے اندرون ملک منتقل کرنے کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ ایم/ایس ریزگرین انڈسٹریزکے ذریعے متحدہ عرب امارات سے درآمد کردہ ایک کھیپ کو 'پرانے اور استعمال شدہ ٹائر اسکریپ' بتا کر بھیجا گیا جسے سسٹم میں ییلو چینل نشان زد کیا گیا تھا ، جب اسے مشکوک جان کر تفصیلی جانچ کے لئے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (KICT) میں بھیجا گیا اور مکمل جانچ پڑتال ہوئی تو کل 10 میں سے 9کنٹینرز سے مصنوعی زیورات، تیار حالت میں کپڑا ، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ، موبائل فون، آٹو پارٹس، فوڈ سپلیمنٹس، سیریلز، کاسمیٹکس، ڈی وی آر اور گھریلو الیکٹرانکس وغیرہ سمیت متفرق سامان برآمد کیا گیا۔

(جاری ہے)

برآمد شدہ اس ممنوعہ سامان کی لاگت 453 ملین روپے بتائی جارہی ہے جبکہ اس پر عائد ڈیوٹی و دیگر ٹیکسوں کا تخمینہ 400 ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔ یہ ایک بہت غیرمعمولی کیس ہے جس میں اتنی بڑی تعداد اور مالیت کے ممنوعہ سامان کی کسٹم کلیئرنس کی غیر قانونی کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔ اس معاملے پر ایف آئی آر درج کر کے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ چیئرمین ایف بی آر و سیکرٹری ریونیو ڈویژن، جناب عاصم احمد نے کسٹمز اپریزمنٹ ٹیم کےاس کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے ہر قسم کی اسمگلنگ کی لعنت کے خلاف لڑنے کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ چیئرمین ایف بی آر نے پہلے ہی کسٹمز فیلڈ فارمیشنز کو خصوصی ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ وہ ہوائی اڈوں اور زمینی سرحدوں پر اسمگلنگ کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے اپنی کڑی نگرانی جاری رکھیں ۔