محکمہ لائیو سٹاک کی بکریوں کو موسمی و متعدی امراض سے بچانے کیلئے باڑے کی کھرلیوں میں خوردنی نمک کے ڈھیلے رکھنے کی ہدایت

ہفتہ 3 ستمبر 2022 13:11

محکمہ لائیو سٹاک کی بکریوں کو موسمی و متعدی امراض سے بچانے کیلئے باڑے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2022ء) محکمہ لائیو سٹاک نےبھیڑیں و بکریاں پالنے والے لائیو سٹاک فارمرز، مویشی پال حضرات کو حاملہ بکریوں کو آخری ماہ ریوڑ سے الگ کرکے زود ہضم خوراک اور کرم کش ادویات کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بکری پال حضرات اس ضمن میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں تاکہ بکریوں کی افزائش نسل میں بھر پور مددمل سکے۔

ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک و ڈیر ی ڈویلپمنٹ فیصل آبادڈاکٹر حیدر علی خان نے بتایا کہ بکری پال حضرات کو چاہیے کہ وہ محکمہ کے ماہرین کی مشاورت سے اعلیٰ پیداواری اوصا ف کی حامل علاقائی نسل کی بکریاں پالنے کو ترجیح دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کی پیدائش کی صلاحیت کی حامل یہ بکریاں اپنی نسل میں بھر پور اضافہ کا باعث بنتے ہوئے دودھ و گوشت کی پیداوار کو بڑھانے میں بھی معاون ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ احتیاطی، حفاظتی و پیشگی تدارکی اقدامات کے تحت بکریوں کے باڑے میں خوردنی نمک کے ڈھیلے ضرور کھرلیوں میں رکھے جائیں تاکہ بکریاں موسمی و متعدی امراض سے محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے کہاکہ بکری پال حضرات بکریوں کو کرم کش ادویات پلانے میں بھی کسی غفلت یا تساہل سے کام نہ لیں کیونکہ موسمی امراض بکریوں کیلئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں قائم لائیو سٹاک ہسپتالوں، ویٹرنر ی ڈسپنسریوں اور دیگر لائیو سٹاک مراکز پر بھیڑوں، بکروں اور مویشیوں کو مختلف متعدی و موسمی امراض سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے دستیاب ہیں لہٰذا جانوروں کو بروقت حفاظتی ٹیکے لگوانے کا عمل بھی یقینی بنایاجائے۔

متعلقہ عنوان :