نوابزادہ نصراللہ خان کی 19 ویں برسی 26 ستمبر کو منائی جائے گی

جمعہ 23 ستمبر 2022 19:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2022ء) پاکستان کے مایہ ناز سیاستدان بابا ئے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان کی 19ویں برسی 26 ستمبر کو منائی جائے گی۔نوابزادہ نصر اللہ خان کی پیدائش خان گڑھ میں ہوئی۔انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1930 کی دہائی میں مجلس احرار سے کیا۔آل پارٹیز کا نفرنسز ہو یا جمہوری اتحاد کے قیام کا اعلان ،ملک بھر میں کوئی بھی سیاسی سر گرمی نوابزادہ نصراللہ خان کے بغیر نا ممکن تھی۔

(جاری ہے)

نوابزادہ نصراللہ خان نے جمہوریت کیلئے طویل جدو جہد کی جس کی بنا پر انہیں بابا ئے جمہوریت کا لقب دیا گیا۔نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کی برسی کے سلسلہ میں مرکزی تقریب ان کے آبائی گا ئوں خان گڑھ میں ان کے صاحبزادے صوبائی وزیر ریونیو نوابزادہ منصور احمد خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہو گی جبکہ ملک بھر میں ان کی برسی کو نہایت عقیدت مندی سے منایا جائے گا۔ان تقریبات میں نوابزادہ نصراللہ خان کی جمہوریت کو پروان چڑھانے کیلئے کی جانے والے جدو جہد اور خدمات پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا جبکہ ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی جائے گی۔یاد رہے کہ نوابزادہ نصراللہ خان 26 ستمبر 2003 کو جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے۔