نوابزادہ نصراللہ خان کی 19ویں برسی 26ستمبر کو نہایت عقیدت مندی سے منائی جائیگی

تقریبات میںنوابزادہ نصراللہ خان کی جمہوریت کو پروان چڑھانے کیلئے ان کی جدو جہد اور خدمات پر خراج تحسین پیش کیا جائیگا

ہفتہ 24 ستمبر 2022 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2022ء) پاکستان کے مایہ ناز سیاستدان بابا ئے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان کی 19ویں برسی 26ستمبر کو نہایت عقیدت مندی سے منائی جائے گی۔نوابزادہ نصر اللہ خان کی پیدائش خان گڑھ ہوئی۔انہوں نے اپنے سیاسی کئیریر کا آغاز 1930ء کی دہائی میں مجلس احرار سے کیا۔آل پارٹیز کانفرنسز ہو یا جمہوری اتحاد کے قیام کا اعلان،ملک بھر میں کوئی بھی سیاسی سر گرمی نوابزادہ نصراللہ خان کے بغیر نا ممکن تھی۔

(جاری ہے)

نوابزادہ نصراللہ خان نے آمریت کے خلاف اور جمہوریت کیلئے طویل جدو جہد کی جس کی بنا پر انہیں بابا ئے جمہوریت کا لقب دیا گیا۔نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کی برسی کے سلسلہ میں مرکزی تقریب ان کے آبائی گائوں خان گڑھ میں ان کے صاحبزادے وزیر ریونیو نوابزادہ منصور احمد خان کی کی رہائش گاہ پر منعقد ہو گی۔جبکہ ملک بھر میں ان کی برسی کو نہایت عقیدت مندی سے منایا جائے گا۔ان تقریبات میںنوابزادہ نصراللہ خان کی جمہوریت کو پروان چڑھانے کیلئے کی جانے والے جدو جہد اور خدمات پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا،جبکہ ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی جائے گی۔یاد رہے کہ نوابزادہ نصراللہ خان 26 ستمبر 2003ء کو جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے۔