پاکستان بھارت کیساتھ پرامن اور اچھے ہمسائیگی تعلقات کا خواہاں ہے ، وزیراعظم

بھارت غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں 5 اگست 2019 کا یکطرفہ اقدام واپس لے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں میری تقریر کا بنیادی مقصد دنیا کو یہ باور کرانا تھا کہ جس موسمیاتی آفت کا دنیا کو سامنا ہے اگر اس کے سدباب کیلئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو اس کی تباہ کاریاں پاکستان تک محدود نہیں رہیں گی،شہباز شریف

ہفتہ 24 ستمبر 2022 22:50

پاکستان بھارت کیساتھ پرامن اور اچھے ہمسائیگی تعلقات کا خواہاں ہے ، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2022ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کیساتھ پرامن اور اچھے ہمسائیگی تعلقات کا خواہاں ہے ، بھارت غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں 5 اگست 2019 کا یکطرفہ اقدام واپس لے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں میری تقریر کا بنیادی مقصد دنیا کو یہ باور کرانا تھا کہ جس موسمیاتی آفت کا دنیا کو سامنا ہے اگر اس کے سدباب کیلئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو اس کی تباہ کاریاں پاکستان تک محدود نہیں رہیں گی۔

ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں میرے خطاب کا خلاصہ یہ تھا کہ دنیا خبردار رہے کہ انسانیت کو کیا خطرات درپیش ہیں، پاکستان آج کل جس موسمیاتی آفت کا سامنا کر رہا ہے اگر فوری طور پر اس کے سدباب کیلئے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو یہ سلسلہ پاکستان تک ہی محدود نہیں رہیگا بلکہ یہ انسانیت کیلئے ہمدردی اور تشویش کا پہلو ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی کے لئے درپیش اہم مسائل پر پاکستان کا موقف بیان کرنے کے ساتھ ساتھ میں نے دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن اور اچھے ہمسائیگی تعلقات کا خواہاں ہے اس کیلئے بھارت کو 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدام اور اس کے بعد آبادی کے تناسب کی تبدیلی سمیت دیگر اٹھائے گئے اقدامات روکنا ہوں گے۔