وزیراعظم بننے کے بعد محمد بن سلمان کی پرُانی تصویر وائرل

تصویرمیں سعودی ولی عہد سب سے پیچھے ایک کونے میں کھڑے مسکرا رہے ہیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 28 ستمبر 2022 13:34

وزیراعظم بننے کے بعد محمد بن سلمان کی پرُانی تصویر وائرل
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 ستمبر 2022ء ) سعودی عرب کے پہلے وزیراعظم بننے کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پرانی تصویر وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق محمد بن سلمان سعودی عرب کے پہلے وزیر اعظم مقرر کر دیے گئے ہیں جو کہ سعودی عرب میں جمہوری نظام کے نفاذ کے حوالے سے مملکت کی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا قدم قرار دیا گیا ہے، مملکت کے پہلے وزیراعظم مقرر ہونے کے بعد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ایک پرانی تصویر سوشل میدیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں سعودی ولی عہد کو ساحل کنارے اپنے کزنز کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے، اس تصویر میں شہزادہ محمد بن سلمان سب سے پیچھے ایک کونے میں کھڑے مسکرا رہے ہیں تاہم اس تصویر کو دیکھنے کے بعد کیا کوئی اندازہ لگا سکتا ہے کہ یوں ایک کونے میں کھڑا نوجوان آنے والے دنوں میں مملکت کی سب سے طاقتور شخصیت بن جائے گا اور انہیں سعودی عرب کے پہلے وزیراعظم کا عہدہ ملے گا۔

(جاری ہے)

بتاتے چلیں کہ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم کا تقرر کیا گیا ہے اور مملکت کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کا پہلا وزیر اعظم مقرر کیا گیا ہے، اس حوالے سے سعودی فرمانروا نے شاہی فرمان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ سعودی آئین کی دفعہ 56 کے تحت مملکت کے پہلے وزیر اعظم کے تقرر کا فیصلہ کیا گیا اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بطور وزیر اعظم وزراء کونسل کے سربراہ ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ مملکت کے پہلے وزیر اعظم کے تقرر کے بعد سعودی کابینہ میں بھی رد و بدل کیا جائے گا، کابینہ میں رد و بدل کو حتمی شکل دینے تک شہزادہ خالد بن سلمان مملکت کے وزیر دفاع کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان سعودی عرب کے طاقتور ترین رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان 2017 میں سعودی عرب کے ولی عہد مقرر کیے گئے تھے، محمد بن سلمان نے ولی عہد بننے کے بعد سعودی عرب میں کئی اصلاحات متعارف کروائیں اور سعودی ویژن 2030ء بھی پیش کیا، جس کا مقصد سعودی عرب کی معیشت کا تیل پر انحصار کم کر کے دیگر معاشی راہ داریوں کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کرنا ہے، سعودی ویژن 2030 پیش کرتے وقت سعودی عرب کے ولی عہد نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ سعودی حکومت کا تیل پر سے انحصار ختم کر دیا جائے گا۔