سرگودھا، ماہ ربیع الاول کے حوالے سے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول میں سیرت کانفرنس کا انعقاد

پیر 3 اکتوبر 2022 22:03

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2022ء) ماہ ربیع الاول کے حوالے سے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول سرگودھا میں سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ماہر تعلیم ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام الانبیاء حضرت محمدؐ کی سیرت مبارکہ بیان کرنا ایسا عمل ہے جو آپ ؐ کی حیات طیبہ سے اب تک جاری ہے اور ہمیشہ جاری رہے گا، سرور کائنات ؐ کی شفاعت حاصل کرنے کے لیے تجلیاتِ رسالت کا ذکر ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ سنت رسولؐ پر عمل کریں، سلام کرنے میں پہل کرنا ، والدین کا احترام، جلد سونا اور جلد اٹھنا ، نماز پابندی سے ادا کرنا ، اساتذہ کرام کی توقیر کرنا ، اپنے آنے والے کل کو آج سے بہتر بنانا ایسے اعمال ہیں جن پر کوئی خرچ نہیں آتا۔ کانفرنس میں رئیس ادارہ میاں بشیر احمد اور سابق ہیڈ ماسٹر ظفر محمود ملک نے کہا کہ خوش کلامی ، خوش مزاجی، خوش اخلاقی اور خوش اعمالی ہماری کامیابی کے لیے بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طالب علموں میں اسلامی روح بیدار کریں۔ تعلیم کا مقصد شعوری انقلاب ہے۔ اس انفرنس میں اساتذہ اور طالب علموں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔