وزیراعلیٰ کے پوٹھو ہارزرعی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کسانوں کی خوشحالی کے لیے بڑے منصوبے کا آغاز کر دیا، محکمہ زراعت پنجاب

پیر 15 ستمبر 2025 15:04

وزیراعلیٰ کے پوٹھو ہارزرعی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کسانوں کی خوشحالی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پوٹھوہار زرعی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کسانوں کی خوشحالی کے لیے بڑے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت 70 فیصد سبسڈی پر 100 منی ڈیمز کی تعمیر اور ایک ہزار ایکڑ رقبے کی آبپاشی کے لیے زمین کی ہمواری و اصلاح کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع کی دیہی یونین کونسلز کے کاشتکار اس سہولت کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں، درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 20 ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زمین کی ہمواری اور اصلاح کے لیے زیادہ سے زیادہ امدادی رقم 17 لاکھ 50 ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ 77 ہزار روپے فی ایکڑ (زیادہ سے زیادہ 5 ایکڑ تک) سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس سہولت کے لیے کاشتکار کمیونٹی کا کم از کم 25 ایکڑ زمین کا مالک ہونا اور پانی کے ذخائر کے قریب زمین واقع ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ درخواست فارم اور قواعد و ضوابط متعلقہ اضلاع کے ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز تحفظ اراضیات، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز (زرعی انجینئرنگ)کے دفاتر سے مفت حاصل کیے جا سکتے ہیں یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔

فارم جمع کراتے وقت کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی کاپی اور زمین کی فرد ملکیت ساتھ لگانا لازمی ہو گا۔ درخواست دہندگان زیادہ ہونے کی صورت میں الاٹمنٹ بذریعہ قرعہ اندازی کی جائے گی جبکہ ورک آرڈر جگہ کی موزونیت جانچنے کے بعد جاری کیا جائے گا۔ منظور شدہ منصوبے کے ورک آرڈر جاری ہونے کے پندرہ دن کے اندر تعمیری کام شروع کرنا اور مقررہ وقت میں مکمل کرنا لازمی ہو گا، کسی بھی تنازعے کی صورت میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل تحفظ اراضیات راولپنڈی کا فیصلہ حتمی تصور کیا جائے گا۔ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے کاشتکار روزانہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک ایگریکلچرل ہیلپ لائن 0800-17000 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔