سلام نفرت،تعصب،دہشتگردی، شدت پسندی اور غلوسے روکنے والا دین ہے‘ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی

پرامن بقائے باہمی، محبت، امن اور بھائی چارہ اسلام کا پیغام ہے اور اسی پیغام کو ہم نے عام کرنا ہے‘سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی

بدھ 12 اکتوبر 2022 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2022ء) امام و خطیب حج سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے دفتر راوی روڈ کا دورہ کیا جہاںسینیٹر پروفیسر ساجد میر نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا،سعودی سفیر نواف سعید المالکی بھی ہمراہ تھے،سینیٹر حافظ عبدالکریم،مولانا ابوتراب ،حافظ ابتسام الہی ظہیرشاہ اویس نورانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے میر ابراہیم ہال میں علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ پرامن بقائے باہمی، محبت، امن اور بھائی چارہ اسلام کا پیغام ہے اور اسی پیغام کو ہم نے عام کرنا ہے۔ ہمارا مقصد امت مسلمہ کے صحیح تشخص کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔ رابطہ عالم اسلامی عالم اسلام کی نمائندہ فورم ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ پاکستانی علمائے کرام کے ساتھ بھی خصوصی تعلقات ہیں۔

پاکستان کی عالم اسلام کو قریب لانے کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور رابطہ عالم اسلامی کے فورم پر پاکستانی علما کرام کو موثر نمائندگی دی گئی ہے ۔ اسلامی معاشروں میں اعتدال پسندی، امن اور سماجی و اقتصادی انصاف کے فروغ کو یقینی بنایا جائے، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اسلامو فوبیا کا مسئلہ اسلام کے حوالے سے درست معلومات کی کمی کی بنیاد د پر بڑھ رہا ہے، مکالمہ دوریاں مٹاتا ہے جس کے ذریعے غلط مفاہیم کا تدارک کیا جا سکتا ہے،کچھ عناصر نے اسلام کے ساتھ ایسی چیزیں منسوب کر دیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، ان کا کہنا تھا کہ تنازعات نے ہمیشہ دنیا کو تباہی دی جبکہ مشترکات نے ہمیشہ امن دیا،ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ جہل کا مقابلہ حکمت سے کریں اور یہی اسلام کی تاریخ بھی ہے۔

ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم نے کہا کہ اسلاموفوبیا پر بحث ایک صدی سے بھی پہلے جاری ہے، تاریخ میں رونما ہونے والے کچھ واقعات کے نتیجے میں مشرق اور مغرب کی ثقافتوں کے مابین خلیج بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم ورلڈ لیگ مغرب میں مثبت کام کرنے والے تحقیقی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ ہمارا ادارہ مسلم ورلڈ لیگ انہی غلط فہمیوں کے سدباب کے لیے کام کر رہا ہے اور اس ادارے میں کئی ایک پاکستانی بہت اہم کام سر انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا اس مسئلے کا حل تدبر، حلم اور نیکی کے ذریعے ممکن ہے۔ سربراہ رابطہ عالم اسلامی نے کہا کہ تنازعات نے ہمیشہ دنیا کو تباہی دی جبکہ مشترکات نے ہمیشہ امن دیا اور یہی مطمع نظر رابطہ عالم اسلامی کا ہے، انہوں نے کہا کہ اسلام نفرت،تعصب،دہشتگردی، شدت پسندی اور غلوسے روکنے والا دین ہے۔ اس گلوبل ویلج کے دور میں اسلام کا اصل چہرہ پیش کرنے والے مسلم ورلڈ لیگ جیسے ادارے انتہائی اہم ہیں۔

وسطیت اور اعتدال انسانی سوسائٹی کی ہمیشہ ضرورت رہی ہے، جبکہ ملت اسلامیہ کی تو اساس ہی اس پر ہے۔ موجودہ عالمی حالات میں فکری اور تہذیبی کشمکش کا دائرہ جس طرح پھیلتا جا رہا ہے اور تشدد اور انتہاپسندی نے ہر طرف ڈیرے ڈال رکھے ہیں، اسلام اور ملت اسلامیہ کے اس امتیاز کو حوصلہ، تدبر اور حکمت کے ساتھ اجاگر کرنے کے لیے رابطہ عالم اسلامی کی کوششیں لائق ستائش ہیں اور یہ عالمی موتمر اس سلسلہ میں سنگ میل کا کردار ادا کرے گا،سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہاکہ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی مدبرانہ قیادت میں مملکت سعودی عرب کی ترقی انتہائی قابل تعریف ہے۔

اسلامی دنیا کے مسائل کے حل کے لیے مملکت سعودی عرب، مسلم ورلڈ لیگ اور خاص طور پر سیکریٹری جنرل کا کردار انتہائی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین شریفین اور سعودی عرب کی قیادت کی خطے میں امن اور ترقی کے لیے کوششوں کے معترف ہیں اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو ہمارے مشترکہ مذہب، مشترکہ اقدار اور ثقافت میں مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں۔

دونوں ممالک ہمیشہ ہر طرح کے مشکل حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ اسلاموفوبیا کے خلاف رابطہ عالم اسلامی کی بیداری کی تحریک قابل ستاش ہے ۔ ہم مغرب میں اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے اور اسلام کے پرامن اور روادارانہ نظریہ کو غیر مسلم دنیا میں پھیلانے کے لیے رابطہ عالم اسلامی کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور کہا کہ رابطہ عالم اسلامی کی اسلام اور مسلمانوں کیلئے جدوجہد قابل تحسین ہے بین المذاہب مکالمہ اور اسلامو فوبیا کے حوالے سے رابطہ عالم اسلام پاکستان کے علما ومشائخ اور حکومت کا موقف ایک ہے میثاق مکتہ مکرمہ امن سلامتی اخوت محبت اور اسلام کی صحیح ترجمانی ہیں انہوں نے کہا کہ رابطہ عالم اسلام کا مسلمانوں کی رہنمائی میں اہم کردار ہے پورا عالم اسلام رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے دینی مسائل پر رہنمائی کو حجت سمجھتا ہے رابطہ عالم اسلامی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالکریم العیسی نے گزشتہ چند سالوں کے دوران بین المذاہب مکالمہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے حوالہ سے جس طرح مسلم علما ومشائخ عالم اسلام کی ترجمانی کی ہے وہ قابل تحسین ہے ۔

کنونشن سے سعودی سفیر نواف سعیدالمالکی نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ پاکستان انتہائی اہم اسلامی ملک جس کے سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں۔پاکستان کے لوگ جس طرح سعودی عرب سے محبت کرتے ہیں ٹھیک اسی طرح سعودی حکومت اور عوام بھی اپنے برادر اسلامی ملک پاکستان اور اسکی عوام کو چاہتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانی بھائیوں کا اہم کردار رہا ہے، دونوں برادر ممالک کے دیرینہ تعلقات ہیں سعودی عرب اور پاکستان کا رشتہ یک جان دو قالب کا ہے۔

سعودی سفیر نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے اکابرین اور سعودی قیادت کے دیرینہ رشتہ کا زکر کیا اور کہا کہ ہمیں علما اہل حدیث کی خدمات کا اعتراف ہے ہمارے اسلاف اور علما اہل حدیث کے اسلاف سے رشتہ سوسال سے قا یم ہے جسے ہم دوام بخشیں گے ۔اس موقع پر سعودی مہمانوں کو تلوار اور دیگر قیمتی تحایف پیش بھی پیش کیے گے ۔