تمباکو فصل کی مانند گندم کو بھی قومی فصل کا درجہ دلانے کیلئے امور استوار کر رہے ہیں،چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خوراک

بدھ 19 اکتوبر 2022 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2022ء) خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ خوراک کے چیئرمین و رکنِ صوبائی اسمبلی ملک واجداللہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو سرکاری آٹے کی فراہمی یقینی بنارہی ہے، تمباکو فصل کی مانند گندم کو بھی قومی فصل کا درجہ دلانے کیلئے امور استوار کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین و ایم پی اے ملک واجداللہ نے گزشتہ روز اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں منعقدہ قائمہ کمیٹی برائے محکمہ خوراک کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ممبران کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی حمیرہ خاتون، زبیر خان، ستارہ آفرین، ادریس خان، سردار خان، خوشدل خان، صلاح الدین، آصف خان، ارباب جاندار اورصاحبزادہ ثنا ء اللہ کے علاوہ سیکرٹری محکمہ خوراک، ڈپٹی و اسسٹنٹ سیکرٹریز صوبائی اسمبلی، ڈائریکٹر فوڈ، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل اور سیکشن آفیسر محکمہ قانون سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کو سالانہ تقریباً 50 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ گندم کی سالانہ صوبائی پیداوار تقریباً 12 لاکھ میٹرک ٹن ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا تقریباً 12 لاکھ میٹرک باہر سے جبکہ تقریباً 25 لاکھ میٹرک ٹن گندم پنجاب سے درآمد کرتا ہے۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب سے آٹے کی ترسیل سے متعلق درپیش مشکلات وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے نوٹس میں لانے، اور معاملہ کو منطقی انجام تک پہنچانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔