Live Updates

پریس کانفرنس سے عمران خان کے جھوٹے بیانیے کے پاؤں کٹ گئے،حمزہ شہباز

عمران خان اور اسکی جماعت ارشد شریف کے قتل پر سیاست چمکاتے رہے،لانگ مارچ کا اصل مقصد فتنہ اور فساد برپا کرنا ہے،سابق وزیر اعلٰی پنجاب

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 27 اکتوبر 2022 17:17

پریس کانفرنس سے عمران خان کے جھوٹے بیانیے کے پاؤں کٹ گئے،حمزہ شہباز
لاہور (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 27 اکتوبر 2022ء) سابق وزیر اعلٰی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ صحافی ارشد شریف کی اللہ تعالٰی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ڈی جی آئی ایس پی آر اور ڈی جی آئی ایس آئی کی پریس کانفرنس نے شریف شریف کے قتل کے واقعہ سے متعلق کئی پہلوؤں پر سوال اٹھا دیے ہیں۔ نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ اس پریس کانفرنس سے عمران نیازی کے جھوٹے بیانیے کے بھی پاؤں کٹ گئے ہیں۔

عمران خان اور اسکی جماعت ارشد شریف کے قتل پر سیاست چمکاتے رہے۔ انکا کہنا تھا کہ اداروں پر دشنام طرازی کی مہم کے پیچھے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کی فرمائش نہ ماننا تھی۔لانگ مارچ کا اصل مقصد فتنہ و فساد برپا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ یہ 25 مئی کو خونی مارچ لیکر آئے لیکن ناکام ہوئے،اب پھر فسادی مارچ کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔

عمران خان ہر روز ایکسپوز ہو رہا ہے،چیئرمین پی ٹی آئی آج مزید ایکسپوز ہوا۔آڈیو لیکس پر عمران خان کا بھیانک چہرہ سامنے آیا۔ رانا ثناء اللہ نے الزام لگایا کہ ارشد شریف کے قتل کا معاملہ دو لوگوں کی طرف جاتا ہے،ان میں عمران خان اور سلمان اقبال شامل ہیں۔ بادی النظر میں جو شواہد ہیں انکے اشارے ان دو افراد کی طرف جاتے ہیں۔وقار اور خرم نامی شخص کے کردار کو بھی سامنے لایا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حقائق کی چھان بین کا عمل جاری ہے،ارشد شریف کو پہلے دبئی اور پھر کینیا بھیجا گیا،انہیں دھکمیاں دی گئی۔کینیا میں فارم کس کا ہے،اس حوالے سے تصدیق شدہ تفصیل ایک دو دن میں آ جائے گی،متنازع فارم ہاؤس کی رپورٹ بھی دیں گے۔ عمران خان نے سائفر پر کھیل کھیلا،حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے عمران خان نے سائفر کا ڈرامہ رچایا اور ایسا مؤقف اختیار کیا گیا جس کی کوئی بنیاد ہی نہیں تھی۔اس نے ملک و قوم کا نہیں سوچا کہ کتنا نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس آدمی کے مفاد کیلئے کوئی ادارہ کام کرے تو تعریفیں کرتے ہیں،انکار کرے تو مختلف القابات سے پکارتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات