اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لیے آئیسکو ہیڈ آفس میں خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے گا ،ڈاکٹر امجد خان

منگل 1 نومبر 2022 22:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 نومبر2022ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لیے آئیسکو ہیڈ آفس میں ایک خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے گا تاکہ کمرشل و صنعتی صارفین کے بجلی سے متعلق مسائل کو بہتر طور پر حل کیا جا سکے۔

اس بات کا اعلان انہوں نے آئی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد جعفر مرتضیٰ چیف انجینئر کسٹمر سروسز، محمد اسلم چیف انجینئر آپریشنز، وحید اکرم منیجر کمرشل اور غلام سرور اسسٹنٹ چیف انجینئر آپریشنز بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔انجینئر ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا کہ وہ آئیسکو بورڈ میں آئی سی سی آئی کی نمائندگی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے فوکل پرسنز کی رابطہ نمبرز کے ساتھ فہرست فراہم کرے تا کہ آئیسکو کے متعلقہ حکام ان سے رابطہ قائم کر کے مارکیٹوں میں لٹکتے میٹروں اور بجلی کی کھلی تاروں سمیت دیگر مسائل کو حل کریں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ آئیسکو صارفین کو جواب دینے میں کافی سست ہے تاہم انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز دے تا کہ آئیسکو کو صارفین کی توقعات کے مطابق سروس فراہم کرنے والا ادارہ بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئیسکو کو کرپشن فری ادارہ بنانا چاہتے ہیں جس کے لیے تاجر برادری کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئیسکو تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں تاجر برادری کو سہولت فراہم کرے گا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے آئیسکو چیف کو تاجر برادری کے بجلی سے متعلق مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئیسکو بورڈ میں آئی سی سی آئی کو نمائندگی دی جائے تاکہ تاجر برادری کے مفادات کا بہتر تحفظ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد مارکیٹوں اور پلازوں میں بجلی کے لٹکتے میٹر اور کھلی تاریں ہر وقت خطر ات کا باعث ہیں اور کسی بھی وقت شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے آگ لگ سکتی ہے لہذا انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ آئیسکو بین الاقوامی حفاظتی معیار کے مطابق میٹروں اور تاروں کا مناسب بندوبست کرے۔

انہوں نے کہا کہ آئیسکو حکام مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے تعاون سے بجلی سے متعلق مارکیٹوں کے مسائل کے حل پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیسکو تمام بڑے تجارتی مراکز اور صنعتی علاقوں میں بلنگ دفاتر کا انتظام کرے تاکہ بلنگ کے معاملات میں تاجر برادری کو سہولت ہو۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدرفاد وحید نے کہا کہ انڈسٹری سولر پاور پر منتقل ہو رہی ہے لیکن جو فالتو یونٹس آئیسکو کو ایکسپورٹ کئے جا رہے ہیں ان کی ایڈجسٹمنٹ میں مسائل کا سامنا ہے لہذا باہمی مشاورت سے ایسے مسائل حل کئے جائیں۔

چیمبر کے نائب صدر اظہر الاسلام ظفر، گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، چوہدری محمد علی، اختر حسین، مقصود تابش، فیضان شہزاد، خالد چوہدری، چوہدری محمد وسیم اور دیگر نے بھی بجلی سے متعلق مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔