قومی اسمبلی اجلاس، سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی گرفتاری کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

پیر 7 نومبر 2022 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2022ء) قومی اسمبلی نے سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی پنجاب حکومت کی طرف سے گرفتاری کے خلاف مذمتی قرارداد کی منظوری دے دی ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر قانون سردار ایاز صادق نے کہا کہ اس ایوان کے سابق رکن اور میر بلخ شیر مزاری کے نواسے کو پنجاب میں ایک جعلی کیس میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے کچھ ارکان اس ضمن میں قرارداد پیش کرنا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ اس طرح کا واقعہ کسی کے ساتھ پیش نہ آئے۔ ایوان کی جانب سے قواعد معطل کرنے کی تحریک کی منظوری کے بعد شیخ فیاض الدین نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی گرفتاری کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ یہ ایوان حکومت پنجاب سے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے۔ اس ایوان کی رائے ہے کہ حزب اختلاف کے ارکان کو اس طرح کے مقدمات میں گرفتار کرنا جمہوری روایات کے منافی ہے۔ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ اس طرح کے واقعات کا آئندہ سدباب ہونا چاہئے۔