لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست جی ایچ کیو بھجوا دی

کور کمانڈر بہاولپور کا نام نئے آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری میں شامل تھے، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس بھی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر چکے

muhammad ali محمد علی پیر 28 نومبر 2022 23:04

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست جی ایچ کیو ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 نومبر 2022ء) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست جی ایچ کیو بھجوا دی۔ تفصیلات کے مطابق نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے بعد سابق ڈی جی آئی ایس آئی اور کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کیلئے اپنی درخواست جی ایچ کیو بھجوا دی ہے، ان کے خاندانی ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی۔

کور کمانڈر بہاولپور کا نام نئے آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری میں شامل تھے، جبکہ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس بھی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، دونوں افسران کو اگلے سال اپریل میں ریٹائر ہونا تھا، آرمی چیف کے تعیناتی کی سمری میں بھی ان سینئر فوجی افسران کے نام شامل تھے۔

(جاری ہے)

 کچھ روز قبل ایکسپریس نیوز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھاکہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جانب سے ریٹائرمنٹ لینے پر غور کیا جا رہا ہے، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے وزیر اعظم کو بھیجی گئی سمری میں پانچویں سینئر ترین جنرل تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا تعلق پی ایم اے لانگ کورس سے ہے، وہ ماضی میں آئی ایس آئی چیف رہ چکے، جبکہ اس وقت ان کے پاس کور کمانڈر بہاولپور کا عہدہ ہے۔

جبکہ نجی ٹی وی چینلز ایکسپریس نیوز اور جیو نیوز کی رپورٹس کے مطابق پاک فوج کے سینئر افسر لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تعیناتی اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی کے بعد قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے وزیر اعظم کو بھیجی گئی سمری میں تیسرے سینئر ترین جنرل تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس کا تعلق بھی پی ایم اے لانگ کورس سے ہے، انہیں اگلے سال 27 اپریل کو ریٹائر ہونا تھا، تاہم نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے بعد انہوں نے رواں سال ہی قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ 22 نومبر کو جی ایچ کیو کی جانب سے نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کیلئے 6 ناموں پر مشتمل سمری وزارت دفاع کو بھجوائی تھی۔

سمری میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کے نام شامل تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو 27 نومبر کو ریٹائر ہو جانا تھا، تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے ان کی ریٹائرمنٹ ایک سال کیلئے موخر کر کے انہیں نیا آرمی چیف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مزرا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔