Live Updates

فواد چوہدری کی امریکی سفیر سے ملاقات پر فیصل واوڈا کا ردِعمل

کیا یہ وہی امریکی سفیر ہے جس نے سازش کے ذریعے تحریک انصاف کی حکومت گرائی،کیا اب امریکی سفیر ٹھیک ہو گیا ہے؟ سابق وفاقی وزیر کا سوال

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 30 نومبر 2022 14:20

فواد چوہدری کی امریکی سفیر سے ملاقات پر فیصل واوڈا کا ردِعمل
کراچی (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر2022ء) سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات پر ردِعمل دیا ہے۔ فیصل واوڈا نے سوشل میڈیا پر اپنے طنزیہ بیان میں کہا کہ کیا یہ وہی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم ہے جس نے سازش سے تحریک انصاف کی حکومت گرائی تھی؟ سابق وزیر نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا اب ڈونلڈ بلوم ٹھیک ہو گیا ہے؟ کیا اب ڈونلڈ بلوم سازش کے ذریعے پی ٹی آئی کی حکومت واپس لانے والا ہے؟ حکومت گرانے کا بیانیہ پہلے ٹھیک تھا یا اب والا، کیا یہ ماجرا ہے؟ واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی۔

ملاقات 3 سے 4 بجے تک امریکی سفارت خانے میں ہوئی جو ایک گھنٹے تک جاری رہی اور اس دوران ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی،امریکی سفیر سے فواد چوہدری کی چند دنوں میں دوسری ملاقات ہوئی۔

(جاری ہے)

سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ امریکی سفیر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات کرتے رہتے ہیں تاہم ان ملاقاتوں کی تفصیلات جاری نہیں کی جاتیں۔

فواد چوہدری نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک معمول کی ملاقات تھی۔ یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان متعدد بار سازش کے ذریعے اپنی حکومت ختم کرنے کا الزام امریکہ پر عائد کر چکے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں عمران خان نے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو انٹرویو میں اپنی حکومت گرائے جانے میں امریکی سازش سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ جہاں تک میرا تعلق ہے تو یہ معاملہ اب ختم ہوچکا،اب یہ بات میں نے پس پشت ڈال دی ہے۔جس پاکستان کی قیادت کرنا چاہتا ہوں اس کے سب کیساتھ بالخصوص امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے چاہئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات