رکن صوبائی اسمبلی مفتی عبید الرحمٰن کی زیر صدارت خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ انتظامیہ کے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 1 دسمبر 2022 22:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2022ء) خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ انتظامیہ کا اجلاس اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں گزشتہ روز منعقد ہوا ۔ جس کی صدارت چیئر مین کمیٹی و رکن صوبائی اسمبلی مفتی عبید الرحمٰن نے کی۔اجلاس میں چیئرمین کمیٹی مفتی عبید الرحمٰن نے پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں کمرے الاٹمنٹ سے متعلق گزشتہ 6ماہ کے ریکارڈ سمیت پختونخوا ہاؤسز اسلام آباد و ایبٹ آباد میں زیر استعمال گاڑیوں کے اخراجات سے متعلق تفصیلات کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

انھوں نے محکمہ انتظامیہ کے حکام کی جانب سے تمام سرکاری وسائل کا استعمال قانون کے مطابق یقینی بنانے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اجلاس میں ممبران کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی عبدالغفار، شگفتہ ملک اور ایم پی اے نعیمہ کشور سمیت محکمہ انتظا میہ کے سیکرٹری و ایڈیشنل و ڈپٹی سیکرٹریز ، سیکرٹری رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن خیبرپختونخوا، ڈپٹی و اسسٹنٹ سیکرٹریز صوبائی اسمبلی، کمپٹرولرز پختونخوا ہاؤسز اسلام آباد و ایبٹ آباد، سیکشن آفیسر محکمہ قانون اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ انتظامیہ کے زیر اہتمام خریدی گئیںگاڑیوں، فاٹا ہاؤس اسلام آباد، پختونخوا ہاؤسز اسلام آباد و ایبٹ آباد، کالام و مردان ہاؤسز جبکہ شاھی مہمان خانہ پشاور کی حالیہ صورتحال اور وہاں پر اراکینِ خیبرپختونخوا اسمبلی کو کمرے الاٹ کرانے و دیگرسہولیات سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کمیٹی ممبران کا پختونخوا ہاؤسز اسلام آبادا ور کالام کا دورہ کرنے کیلئے اسمبلی انتظامیہ کو بھی ھدایات جاری کیں۔