بہارہ کہو بائی پاس کے قائد اعظم یونیورسٹی کی جگہ پر تعمیرات روکنے کے حکم میں 6 دسمبر تک توسیع

جمعہ 2 دسمبر 2022 18:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2022ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بہارہ کہو بائی پاس کے قائد اعظم یونیورسٹی کی جگہ پر تعمیرات روکنے کے حکم میں 6 دسمبر تک توسیع کر دی ۔جمعہ کو بہارہ کہو بائی پاس کی تعمیر کیخلاف قائداعظم یونیورسٹی کے پروفیسرز کی درخواست پر سماعت کے دور ان سی ڈی اے اور یونیورسٹی کے درمیان تنازع پر وفاقی حکومت کی قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ بہارہ کہو بائی پاس منصوبے سے اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ، عوامی مفاد میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے سی ڈی اے بااختیار ہے ۔ انہوںنے کہاکہ منصوبے کی تعمیر سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہونگی۔ اٹارنی جنرل نے کہاکہ یونیورسٹی کی عمارت بائی پاس سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ وکیل درخواستگزار نے کہاکہ بائی پاس منصوبے کی جگہ پر پاک چین ریسرچ سنٹر کی تعمیر ہونا تھی،سینڈیکیٹ کی جانب سے 7 ارب روپے کے فنڈز زمین کی دستیابی سے مشروط ہیں ۔ بعد ازاں درخواستگزاروں کے وکیل کے دلائل مکمل کر تے ہوئے سماعت 6دسمبر تک ملتوی کر دی ۔