ڈولفن پولیس کی ماہ نومبر کی کارکردگی رپورٹ جاری،1329ملزمان گرفتار

منگل 6 دسمبر 2022 21:03

ڈولفن پولیس کی ماہ نومبر  کی کارکردگی رپورٹ جاری،1329ملزمان گرفتار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2022ء) ایس پی ڈولفن توقیر نعیم کی زیر صدارت اجلاس میں گزشتہ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ماہ نومبرمیں ڈولفن سکواڈ نے مجموعی طور پر سنگین جرائم میں ملوث1329 ملزمان کو گرفتار کیا،اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کے علاوہ سیکٹر انچارجز کو شاباش دی گئی۔ایس پی ڈولفن توقیر نعیم نے کہا کہ جرائم کی بیخ کنی و دیگر سٹریٹ کرائم کے خاتمہ کے لئے ڈولفن سکواڈ ایک منفرد فورس کے طور پر سامنے آئی ہے جس سے شہریوں میں نہ صرف احساس تحفظ پیدا ہوا ہے بلکہ شہریوں کی جان ومال واملاک کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ماہ نومبر کے دوران ڈولفن سکواڈ نے 15 کی6081 کالز پر ریسپانڈ کرتے ہوئے شہریوں کو ریسکیو کیا،سٹریٹ کریمنلز،رابری و دیگر سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچاتے ہوئے ان سے آتشیں اسلحہ، چوری شدہ گھریلو اشیا، نقدی، چوری شدہ کاریں و موٹر سائیکلوں کے علاوہ منشیات چرس، شراب برآمد ہوئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈولفن سکواڈ نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈکیتی، چوری و راہزنی میں ملوث متحرک 19گینگز و35سٹریٹ کریمینلز کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے89 پسٹلز،17رائفلیں،ہزاروں کی تعداد میں گولیاں و میگزینز،494چوری شدہ موٹر سائیکلیں،01 چوری شدہ کاریں،شہریوں سے چھینے ہوئے50موبائل فون طلائی زیورات، اور50ہزار سے زائد نقدی برآمد کی۔

ڈولفن سکواڈ نے لاکھوں روپے مالیت کاگھریلوسامان بھی برآمد کیا۔منشیات کے خلاف کارروائی کے دوران ڈولفن سکواڈ نے چرس،110بوتلیں شراب و بیئر کین کے علاوہ 5شیشہ و حقے برآمدکئے۔سی سی پی او لاہور کے احکامات کے مطابق اینٹی کائٹ فلائنگ مہم کے دوران ڈولفن سکواڈ نے پتنگ بازی کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 37 پتنگ باز گرفتار کئے اور ان پر مقدمات درج کروائے۔

آتش بازی،ہوائی فائرنگ کے 12مقدمات درج کروائے۔شاہراہ عام پر ہلڑ بازی، ون ویلنگ کے خلاف کارروائی کے دوران82 ون ویلرز کو گرفتار کیا۔ ڈولفن سکواڈ نے100 اشتہاریوں سمیت 142 عادی ملزمان و 241 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا۔ ڈولفن سکواڈ نے کرائم کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے مختلف ہیڈز میں 285 شہریوں کو ریسکیو کیا۔ایس پی ڈولفن توقیر نعیم نے شہریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ جب بھی اپنے اردگرد جرائم پیشہ افراد اور غیر قانونی سرگرمیاں دیکھیں توفوراً ریسکیو15 پر اطلاع دیں تاکہ پولیس آپ کی مدد کے لئے پہنچ سکے۔