طلباء منظور شدہ تعلیمی اداروں میں ہی داخلہ حاصل کریں، ایچ ای سی

جمعرات 8 دسمبر 2022 22:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2022ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے طلبائ، والدین اور عوام الناس کو آگاہ کیا ہے کہ ایچ ای سی سے منظور شدہ تعلیمی اداروں میں ہی داخلہ حاصل کریں جس کی فہرست ادارہ کی ویب سائٹ پر موجود ہے، ایچ ای سی منظور شدہ اداروں سے حاصل کردہ ڈگریوں کی ہی تصدیق کرتا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایچ ای سی نے انتباہ جاری کیا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو اپنے آرڈیننس کی رو سے ایسی شرائط جاری کرنے کے اختیارات حاصل ہیں جن کے تحت پورے ملک میں اعلیٰ تعلیمی اداروں بشمول ان ادروں کے جو ریاست کے تعلیمی نظام کا حصہ نہیں ہیں، کو کھولا اور چلایا جا سکتا ہے۔

ایچ ای سی کسی دیگر یونیورسٹی/ ادارہ جو ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر دستیاب منظور شدہ جامعات/اداروں/کیمپسز کی فہرست میں شامل نہیں ہے، کی ڈگریاں تسلیم/ منظور نہیں کرے گا۔ مزید برآں عوام الناس اور دیگر تمام متعلقین کی آگاہی کیلئے ادارہ کی ویب سائٹ پر جعلی، غیر قانونی اور غیر منظور شدہ اداروں کی ایک علیحدہ فہرست موجود ہے۔