Live Updates

وزیر اعظم کے 10 معاونین خصوصی کو وزیر مملکت کا درجہ دے دیا گیا

کیبنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا،رضا ربانی،فیصل کریم کنڈی،نوابزدہ افتخار احمد اور نعمان لنگڑیال سمیت دیگر شامل

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 9 دسمبر 2022 17:43

وزیر اعظم کے 10 معاونین خصوصی کو وزیر مملکت کا درجہ دے دیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 09 دسمبر 2022ء) وزیر اعظم کے 10 معاونین خصوصی کو وزیر مملکت کا درجہ دے دیا گیا،کیبنٹ ڈویژن نے معاونین خصوصی کو وزیر مملکت کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔رضا ربانی،فیصل کریم کنڈی اور نوابزدہ افتخار احمد کو وزیر مملکت کا درجہ دیا گیا۔دیگر معاونین خصوصی جن کو وزیر مملکت کا درجہ دیا گیا ہے ان میں سردار مہیش کمار،سلیم حیدر،تسنیم حیدر،محمد علی شاہ باچا،سردار شاہ جہاں یوسف،ملک نعمان لنگڑیال اور مہر ارشاد احمد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں طارق باجوہ کی تعیناتی کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ کی تعداد 75 ہوگئی تھی،موجودہ کابینہ میں 34 وزراء،6 ایڈوائزر اور 28 سے 29 معاون خصوصی ہیں جن میں اکثریت کے پاس کوئی وزارت نہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بھی وفاقی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے ملک احمد خان کو وزیر اعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا۔ملک احمد خان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا،نوٹیفکیشن کے مطابق ملک احمد خان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔

جبکہ وفاقی کابینہ میں کچھ عرصہ پہلے بھی توسیع ہوئی اور پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر شہادت اعوان کو وفاقی کابینہ کا حصہ بنایا گیا جو وہ وزیر مملکت ہوں گے،اور اس حوالے سے حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی،صدر مملکت عارف علوی نے سینیٹر شہادت اعوان سے وزیر مملکت کے عہدے کا حلف لیا۔وزیر اعظم نے سینیٹر شہادت اعوان کو وزیر مملکت بنانے کی منظوری دی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شاہ اویس نورانی،محمد جہانزیب خان اور ظفر الدین محمود کو بطور معاونین خصوصی مقرر کیا۔کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے مقرر کیے گئے تینوں نئے معاونین خصوصی کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ بزنس رولز 1973 کے تحت مقرر کیے گئے،تینوں معاونین خصوصی کی تعیناتی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ آئے روز نئے نئے وزرا وفاقی کابینہ کا حصہ بن رہے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کے نئے معاونین خصوصی کی تعیناتی کے ساتھ ہی سابق وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل اراکین کی تعداد کا ریکارڈ توڑ دیا۔سابق وزیراعظم عمران خان نے بطور وزیر اعظم 52 رکنی کابینہ چھوڑی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات