کینیا کے سابق ڈبل اولمپک چیمپئن ڈیوڈ روڈیشا طیارہ حادثے میں بال بال بچ گئے

پیر 12 دسمبر 2022 22:20

نیروبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2022ء) کینیا کے 800 میٹر دوڑ کے سابق ڈبل اولمپک چیمپئن ڈیوڈ روڈیشا طیارہ حادثے میں بال بال بچ گئے۔ طیارے میں روڈیشا کے علاوہ 5 دیگر ایتھلیٹس بھی سوار تھے۔

(جاری ہے)

کینین ایتھلیٹس کمیانا وائلڈ لائف سینکوری میں سالانہ مسائی اولمپکس ایونٹ میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے کہ راستے میں طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا تاہم خوش قسمتی سے ڈیوڈ روڈیشا حادثے میں مکمل طور پر محفوظ رہے البتہ دیگر ایتھلیٹس کو زخمی حالت میں مقامی ہسپتال داخل کرایا گیا، بعد ازاں انہیں طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔

33 سالہ سابق اولمپک چیمپئن نے روڈیشا نے کہا ہے کہ یہ ایک خوفناک حادثہ تھا، پرواز کے سات یا آٹھ منٹ بعد طیارے کا انجن اچانک بند ہوگیا تھا جس سے ہم بہت خوفزدہ ہو گئے تھے لیکن زندہ بچ جانے پر ہم خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔ یاد رہے کہ روڈیشا اس سے قبل 2019 ء میں خوفناک کار حادثہ میں بھی محفوظ رہے تھے۔ واضح رہے کہ روڈیشا نے 2012ء لندن اور 2016 ریو اولمپکس گیمز میں 800 میٹر دوڑ میں طلائی تمغے جیتے تھے۔