نوجوان مثبت کاموں سے اچھے معاشرے کے قیام میں اپنا حصہ ڈالیں،لیاقت علی بھٹی

جمعرات 22 دسمبر 2022 23:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2022ء) ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب لیاقت علی بھٹی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل مستقبل کی ملک کی معمار ہوگی، ان کی رہنمائی ہمارا فرض ہے،اس لئے محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب نے نوجوانوں کو منشیات اوردیگر برائیوں سے بچانے کیلئے آگاہی مہم شروع کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب کے زیراہتمام نوجوانوں میں منشیات اور الیکٹرانک آلات کی لت کے خلاف آگاہی مہم کے سلسلہ میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پروگرام میں ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن،اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز نازش نور،پراجیکٹ ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ قاسم ضیا،ریسرچ آفیسر سعدیہ پرویز،ڈائریکٹرسٹوڈنٹس افیئرز یونیورسٹی آف لاہور اورطلبا وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سیکرٹری یوتھ افیئرز لیاقت علی بھٹی نے کہا ہے کہ نوجوان الیکٹرانک آلات کا ضرورت سے زیادہ استعمال کرکے اپنی صلاحیتوں کو متاثر کررہے ہیں، اس لئے نوجوان الیکٹرانک آلات کو اپنی سہولت اور ضرورت کے مطابق استعمال میں لائیں تاکہ ان کی ذہنی صلاحیتیں مزید نکھر کر سامنے آئیں۔

ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن نے کہا کہ منشیات کا زہر نوجوانوں میں پھیلایا جارہا ہے جس کا مقصد نوجوان نسل کو تباہ کرنا ہے، ہمارے نوجوان بہت ذہین ہیں ان میں مایوسی پھیلا کر انہیں نشے کا عادی بنایا جاتا ہے،۔پروگرام میں بہترین اظہار خیال کرنیوالے سات طلبہ و طالبات کو خصوصی انعامات دیئے گئے۔ ڈپٹی سیکرٹری لیاقت علی بھٹی نے ڈائریکٹر یوتھ افیئرز یونیورسٹی آف ایجوکیشن کو محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب کا سووینئر پیش کیا۔