سعودی عرب نے حج پیکیج کی رقم واپس لینے کی شرائط بتا دیں

اندرون مملکت سے حج کی درخواست دینے والے اجازت نامہ جاری ہونے سے پہلے اور بعد میں پیکیج کی ادا کردہ رقم واپس لے سکتے ہیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 7 جنوری 2023 10:41

سعودی عرب نے حج پیکیج کی رقم واپس لینے کی شرائط بتا دیں
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 جنوری 2023ء ) سعودی عرب نے حج پیکیج کی رقم واپس لینے کی شرائط بتادیں، وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اندرون مملکت سے اس سال حج کی درخواست دینے والے اجازت نامہ جاری ہونے سے پہلے اور بعد میں پیکیج کی ادا کردہ رقم واپس لے سکتے ہیں۔ اُردو نیوز نے اخبار24 کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ حج پیکیج کی رقم مقررہ پالیسی کے مطابق واپس لی جا سکتی ہے، 4 مئی 2023ء تک حج پیکیج کی اداشدہ پوری رقم واپس لی جا سکتی ہے تاہم حج اجازت نامے کے اجراء سے انکار کی صورت میں اداشدہ رقم میں سے ای سروس فیس منہا کرکے باقی رقم ادا کی جائے گی۔

کہا گیا ہے کہ 5 مئی سے 18 جون 2023ء تک ای سروس فیس کاٹ کر رقم ادا کی جائے گی اور پیکیج کی دس فیصد رقم بھی منہا جائے گی، 19جون سے حج پیکیج کی اداشدہ رقم کا کوئی بھی حصہ واپس نہیں کیا جائے گا تاہم اس سے وفات، صحت معذوری، فوجداری کیسز، ٹریفک حادثات میں حج کی استطاعت سے محرومی کی حد تک زخمی ہونے والے مستثنٰی ہوں گے اور انہیں حج پیکیج کی پوری رقم واپس کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزارت سے معلوم ہوا ہے کہ 4 مئی 2023ء کے بعد کورونا وائرس میں مبتلا امیدوار بھی حج پیکیج کی رقم واپس لے سکیں گے، انہیں ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے حج اجازت نامہ اور اس کے بعد وزارت حج کی ویب سائٹ یا نسک ایپ کے ذریعے بکنگ منسوخ کرانا ہوگی، اسی طرح بکنگ کے منافی صحت حالت یا انتظامی شرائط کی اپ ڈیٹ کی صورت میں بھی یہی کارروائی ہوگی۔ وزارت نے بتایا ہے کہ حج پیکیج کی رقم سداد سسٹم کے ذریعے جمع کرائی جا سکے گی، دوسری قسط کی ادائیگی زیادہ سے زیادہ 29 جنوری 2023ء تک ادا کی جا سکتی ہے تیسری قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ 10 شوال مطابق 30 اپریل مقرر کی گئی ہے، حج بکنگ امیدوار اور حج ادارے کے درمیان منتخب پیکیج کے حوالے سے معاہدے کے تحت ہوگی، امیدوار منتخب پیکیج کے تحت اپنے رفقائے حج کی فیس بھی ادا کرے گا، حج پرمٹ وزارت داخلہ جاری کرے گی، امیدوار کو ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے حج پرمٹ پرنٹ کرنا ہوگا۔

بتاتے چلیں کہ سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے اندرون مملکت سے اس سال حج کا ارادہ کرنے والوں سے درخواستیں طلب کی ہیں، اس مقصد کے لیے وزارت نے 4 ہزار سے 13 ہزار ریال تک کے پیکیج دیے ہیں، سعودی وزارت حج وعمرہ نے اندرون مملکت سے عازمین کو حج پیکیج کی ادائیگی قسطوں میں کرنے کی سہولت فراہم کی ہے، حج 2023ء کے لیے سعودی شہری اور یہاں مقیم غیرملکی تین قسطوں میں فیس ادا کرسکیں گے، پہلی قسط بکنگ کی تاریخ سے 72 گھنٹے کے اندر ادا کرنا ہوگی اور یہ کل پیکیج کی 20 فیصد ہوگی۔