سکھوں کی مقدس کتاب گوروگرنتھ صاحب کے بوسیدہ نسخے بھارت بھیجنے پرپابندی

200سے زائد نسخہ جات کا بھارت میں مذہبی طریقے سے انتم سنسکار ہونا تھا ، سکھ وفد واپس روانہ

پیر 16 جنوری 2023 16:11

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2023ء) سکھوں کی مقدس کتاب گوروگرنتھ صاحب کے بوسیدہ نسخہ جات بھارت لے جانے پر پابندی لگا دی گئی ۔سکھوں کی مقدس کتاب گورو گرنتھ صاحب کے 200سے زائد سروپ (نسخہ جات) بھارت بھیجے جانے تھے تاکہ وہاں ان کا مذہبی طریقے سے انتم سنسکار کیا جاسکے تاہم پاکستان سکھ گورودارہ پربندھک کمیٹی نے گوروگرنتھ صاحب کی نسخہ جات بھارت لے جانے کی اجازت نہیں دی۔

حکام کے مطابق ان میں بعض ہاتھ سے لکھے گئے نایاب نسخے بھی ہیں جن کا بھارت میں انتم سنسکارکیا جانا تھا۔ پاکستانی سکھوں کا 44 رکنی وفد گورو گرنتھ صاحب کے نسخہ جات کے بغیر بھارت روانہ ہوگیا ۔ گوروگرنتھ صاحب کے نسخہ جات کشمور، ڈھرکی، جیکب آباد، حیدرآباد اورکراچی سمیت مختلف شہروں میں موجود گورودواروں سے جمع کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی(پی ایس جی پی سی)کے سربراہ سردار امیرسنگھ نے بتایا کہ سکھوں کی ایک مقامی سنگت پی ایس جی پی سی سے اجازت لئے بغیرہی یہ نسخہ جات بھارت لے کرجارہی تھی۔

اطلاعات کے مطابق ان بوسیدہ نسخہ جات میں کچھ ہاتھ سے لکھے ہوئے نسخے بھی شامل ہیں جو انتہائی تاریخی اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام نسخہ جات کو گورودارہ دربارصاحب کرتارپور میں جمع کیا جائیگا جہاں ان کی جانچ ہوگی۔ ان میں سے ہاتھ سے لکھے ہوئے تاریخی نسخہ جات کو الگ کرکے گوردوراہ دربارصاحب میں ہی بنائے گئے سکھ ہسٹری میوزیم میں محفوظ کیا جائیگا جبکہ باقی نسخہ جات کا کرتارپورصاحب میں ہی انتم سنسکارہوگا۔