گنے کے کاشتکاروں کو کماد کی مخلوط اور چپ بڈ ٹیکنالوجی سے کاشت پر سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ

بدھ 25 جنوری 2023 12:53

گنے کے کاشتکاروں کو کماد کی مخلوط اور چپ بڈ ٹیکنالوجی سے کاشت پر سبسڈی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2023ء) حکومت کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کو کماد کی مخلوط اور چپ بڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے کاشت پرسبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور فیصل آباد ڈویژن کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت منڈی بہاؤالدین، قصور،مظفر گڑھ،رحیم یار خان اور بہاولپور کے اضلاع کے کاشتکاروں سے کہا گیا ہے کہ جو کاشتکار اس پروگرام میں شرکت کے خواہشمند ہوں وہ31 جنوری تک اپنے متعلقہ ضلع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع یا زراعت آفیسرز توسیع کے دفاتر سے مفت درخواست فارم لیکر اس پر درخواست جمع کرواسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق درخواستوں کی جانچ پڑتال 5 فروری تک کی جائے گی اور درخواستوں کی قرعہ اندازی 14 فروری کو ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت کماد کے کاشتکاروں کو ایکڑ پر 5 ہزار روپے اور زیادہ سے زیادہ 5 ایکڑ پر 25 ہزار روپے سبسڈی فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست دینے والے کاشتکار کا محکمہ زراعت کے پاس رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت توسیع کے قریبی دفتر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔\932