سرسوں کی زیادہ پیداوار کے لیے خان پور رایاو چکوال اقسام موزوں ہیں،ماہرین تیلدار اجناس

بدھ 25 جنوری 2023 13:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2023ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے ماہرین تیلدار اجناس نے کہا کہ سرسوں کی زیادہ پیداوار کے لیے خان پور رایاو چکوال اقسام موزوں ہیں اور کینولہ گوبھی سرسوں کی وہ ملکی اور غیر ملکی اقسام ہیں جن میں مضر صحت اجزاکی مقدار کافی کم ہوتی ہے اسلئے ان سے حاصل شدہ تیل صحت کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ رایا،سرسوں اور کینولہ کی فصل پھلیاں بننے اور پکنے کے مراحل میں داخل ہوچکی ہیں لہٰذااس وقت اس کی بہتر دیکھ بھال سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کویقینی بنایاجائے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار اپنی فصل کو تیسرا پانی پھلیاں بننے پر لگائیں۔انہوں نے بتایا کہ سست تیلہ،آر دار مکھی، گوبھی کی تتلی اور دھبے دار بگ حملہ آور ہو کر فصل کے نقصان کا باعث بنتی ہیں نیزسست تیلہ اور دھبے دار بگ کے بالغ اور بچے دنو ں پتوں، شگوفوں اورپھلیوں سے رس چوستے ہیں جس کی وجہ سے حملہ شدہ پھلیوں میں صحت مند بیج نہیں بنتے۔

(جاری ہے)

مزید برآں ان کے جسم سے خارج شدہ لیس دار مادے سے پتوں پر سیاہ رنگ کی اُلی لگنے سے پودوں میں خوراک بنانے کا عمل شدید متاثر ہوتا ہے اور پیداوار میں نمایاں کمی ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ان کیڑوں کے مربوط طریقہ انسداد میں کھیت کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں اور کسان دوست کیڑوں کی تعداد بڑھائیں۔انہوں نے کہاکہ حملہ شدہ فصل کے مڈھوں کو برداشت کے فوراً بعد تلف کردیاجائے کیونکہ اس طرح دھبے دار بگ کے انڈے اور بچے بھی تلف ہوجائیں گے تاہم حملہ زیادہ ہونے کی صورت میں محکمہ زراعت توسیع وپیسٹ وارننگ کے مقامی عملہ کے مشورہ سے سفارش کردہ زہروں کا سپرے کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :