رضا ربانی کی فواد چوہدری کیخلاف بغاوت کی دفعات کے تحت کارروائی سے گریز کی تجویز

سیکشن 124 اے ، پی پی سی 1860 کے تحت فواد چوہدری کی گرفتاری بلاجواز ہے، بغاوت کے الزامات کے معاملے پر میرا بل سینٹ نے 9جولائی 2021 کو پاس کیا تھا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعہ 27 جنوری 2023 00:39

رضا ربانی کی فواد چوہدری کیخلاف بغاوت کی دفعات کے تحت کارروائی سے گریز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جنوری2023ء) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے فواد چوہدری کیخلاف بغاوت کی دفعات کے تحت کارروائی سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سیکشن 124 اے ، پی پی سی 1860 کے تحت فواد چوہدری کی گرفتاری بلاجواز ہے، بغاوت کے الزامات کے معاملے پر میرا بل سینٹ نے 9جولائی 2021 کو پاس کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ ہے کہ سیاستدانوں اور سویلین کے خلاف بغاوت اور غداری کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں اور یہ بھی حقیقت ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے بغاو ت کے الزامات کے تحت خصوصی عدالت کی کارروائی کو ختم کردیا تھا جو کہ آرٹیکل 6کے تحت سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف تھی۔

رضا ربانی نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ ان دفعات کے تحت کارروائی کرنے سے گریز کرے، حکومت کو چاہیے کہ وہ خود میرے نجی بل کو دیکھے جو کہ قومی اسمبلی میں کہیں موجود ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے درخواست خارج کردی۔ اس حوالے سے کیس کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ یہ کیس تو عدالت میں چیلنج نہیں، ہم سات آٹھ بجے تک تو بیٹھ سکتے ہیں لیکن لائن کراس نہیں کر سکتے، اب یہ حراست تو غیر قانونی نہیں۔

موبائل سگنلز بہت کمزور تھے اس لیے مجھ سے رابطہ نہیں ہو سکا : آئی جی پنجاب عثمان انور دوران سماعت آئی جی پنجاب پولیس عثمان انور جسٹن طارق سلیم کے روبرو پیش ہوئے۔ اس موقع پر فواد چوہدری کے وکیل نے کہا کہ ان کے مؤکل کو عدالت میں نہیں لایا گیا، انہیں لاہور کی حدود سے لے جایا گیا، سب ٹی وی چیلنز پر چلا، عدالت کی حکم عدولی کی گئی ہے۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ موبائل سگنلز بہت کمزور تھے اس لیے مجھ سے رابطہ نہیں ہو سکا ، مجھے پتا چلا کہ فواد چوہدری اسلام آباد پولیس کے پاس ہیں، عدالت کے کسی حکم کی عدولی نہیں کی، میری کوشش تھی کہ اسلام آباد پولیس سے رابطہ کروں، مجھےکنفرم نہیں لیکن پتا چلا کہ وہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، فواد چوہدری پنجاب پولیس کی تحویل میں نہیں۔ آئی جی پنجاب نے عدالت سے کہا کہ ہرقسم کی ٹائمنگ دینے کو تیار ہوں کہ کس وقت میں نے کیا کیا۔