سعودیہ میں دوست کو جلا کر مارنے والے کو سزائے موت سنادی گئی

ڈیڑھ ماہ قبل القرہدی کو دوست برکات نے جدہ میں گاڑی میں جلا کر مار ڈالا تھاجس پر مملکت میں شدید ردعمل دیکھا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 28 جنوری 2023 14:59

سعودیہ میں دوست کو جلا کر مارنے والے کو سزائے موت سنادی گئی
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری 2023ء ) سعودی عرب میں دوست کو کار میں زندہ جلا کر مارنے کے کیس میں ملوث سعودی شہری کو سزائے موت سنادی گئی۔ العربیہ داٹ نیٹ کے مطابق جدہ کی فوجداری عدالت کے تین رکنی بینچ نے جرم ثابت ہونے پر اس کے مرتکب سعودی شہری کو موت کی سزا سنائی ہے تاہم اس کو سزا کے خلاف 30 روز کے اندر اپیل کورٹ میں جانے کا حق بھی دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سعودی وکیل عبدالعزیز القلیصی نے بتایا کہ عدالت نے مقامی شہری القرہدی قتل کیس کا فیصلہ جاری کردیا ہے، مقدمے کی کارروائی منطقی انجام کو پہنچی اور ڈیڑھ ماہ بعد فیصلہ سنایا گیا، مقدمہ مدعا علیہ کے خلاف سزائے موت کے ساتھ ختم ہوا، ہم ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے کیس کی کارروائی کو موثر بنانے میں ہماری مدد کی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جدہ میں پیش آئے اس افسوسناک واقعے میں بندر القرہدی کو اس کے دوست ورغلا کر لائے اور جدہ میں ایک گاڑی میں اسے زندہ جلا دیا تھا، یہ واقعہ الاسکان الجنوبی محلے کی پارکنگ میں پیش آیا، جہاں بندر القرھدی اپنی گاڑی میں موجود تھا کہ اس دوران اس کا دوست پرانے تنازع پر بات چیت کے بہانے آیا اور تیزی سے گاڑی میں آگ لگا کر فرار ہوگیا تاہم آگ سے جھلسنے کے باجود سعودی شہری ہمت کرکے گاڑی سے باہر آیا اور ایمبولینس طلب کرنے کی درخواست کی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

مقتول کے والد نے بتایا تھا کہ میرا بیٹا میرے ساتھ ایک ہی گھر میں رہتا ہے اور میری اس سے آخری ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ اپنے ساتھ ایک برگر اور شوارما لایا لیکن اسے اپنے کمرے کے دروازے پر لٹکا ہوا چھوڑ کر چلا گیا اور بدقسمتی سے اپنی موت کی وجہ سے اپنے ہی لائے ہوئے کھانے کو کھانے واپس نہ آسکا کیوں کہ اس کے دوست نے اس کے ساتھ غداری کی اور اس کو زندگی سے محروم کردیا۔ انہوں نے کہا میرا بیٹا 20 سال سے سعودی ایئرلائنز میں کام کر رہا تھا، میں نے اسے دوسروں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کے لیے پالا تھا اور اسے نیکی سے محبت کرنا سکھایا تھا لیکن کام پر جو اس کا ساتھی تھا اسی نے میرے بیٹے کے ساتھ دھوکہ کیا، اس جرم میں ملزم تنہا نہیں تھا بلکہ کچھ اور لوگ بھی اس کے ساتھ تھے۔