بھارت کے دو لڑاکا طیارے گر کر تباہ

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 28 جنوری 2023 20:40

بھارت کے دو لڑاکا طیارے گر کر تباہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 28 جنوری 2023ء) بھارتی ٹیلی وژن چینل این ڈی ٹی وی نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ایس یو 30 جیٹ میں دو پائلٹ سوار تھے جبکہ فرانسیسی ساختہ میراج 2000 میں ایک پائلٹ تھا۔ ان تین میں سے، دو پائلٹ جو بروقت باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے ان کے بارے میں تلاش اور ریسکیو افسران نے بتایا کہ وہ زخمی ہوئے ہیں جبکہ تیسرے پائؑٹ کو شدید زخم آئے اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

اس بارے میں بھارت کی فضائیہ نے ایک ٹوئیٹر پیغام کے ذریعے اطلاع دی۔

ان دونوں جنگی طیاروں نے گوالیار ایئرفورس کے اڈے سے اڑان بھری تھی۔ اس مقام سے 30 میل دور کریش ہونے والے طیاروں کا ملبہ ملا۔ بھارتی نیول آفیسر دھرمندر گورنے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک طیارے کے پُرزے ملے ہیں اور زخمی پائلٹ پہاڑ گڑھ جنگل سے ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو مزید بتایا کہ دوسرا طیارہ ممکنہ طور پر 'جائے وقوعہ سے اور زرا دور جا کر گرا۔

دھر مندر گور نے کہا، ''ہم نے اُسے تلاش کرنے کے لیے اپنی ٹیمیں بھیج دی ہیں۔‘‘

اُدھر مدھیا پردیش کے شہر مورینا میں مقامی رہائشیوں کی طرف سے بنائی گئی ویڈیوز میں حادثے کے مقام سے آگ کے شعلے اُٹھتے اور ملبہ دکھائی دے رہا ہے۔

آج کے بھارت کی حالت بڑی شرمناک ہے، اروندھتی رائے

بھارت کا رد عمل

این ڈی ٹی وی نے دفاعی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فضائیہ نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا طیارے 'فضائی ٹکراؤ‘ کے سبب گر کر تباہ ہوئے یا اس کی دیگر وجوہات تھیں۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے فوری 'ریسکیو اینڈ ریلیف‘ کو یقینی بنانے کے لیے بھارت کی فضائیہ اور مقامی انتظامیہ کے درمیان تعاون پر زور دیا۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دونوں طیاروں کے فضا میں تصادم کی تصدیق کے لیے اتھاریٹیز تحقیقات کر رہی ہیں۔

بھارتی ڈرون طیارہ مارا گرایا، پاکستانی فوج کا دعویٰ

واضح رہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران متعدد بار بھارت کے لڑاکا طیارے حادثے کا شکار اور اُن پر سوار پائلٹ زخمی یا ہلاک ہو چُکے ہیں۔

جولائی 2022ء میں بھارت میں لڑاکا طیارہ مگ-21 تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا اور دو پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔ اُس سے پہلے دسمبر 2021ء میں ریاست تامل ناڈو میں کُنور کے قریب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ہفتے کو لڑاکا طیاروں کا حادثہ ایک ایسے وقت پر پیش آیا جب نئی دہلی حکومت اپنی مسلح افواج کو جدید بنانے اور ہندوستان کے پیچیدہ سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ک م/ا ب ا(اے ایف پی)