محکمہ زراعت پنجاب کے زیرِ اہتمام دو روزہ کھاد میلہ وپاکستان ہارٹی ایکسپو اختتام پذیر

اتوار 29 جنوری 2023 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2023ء) محکمہ زراعت پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ کھادوں کے متوازن استعمال اور ہارٹیکلچرل پراڈکٹس کے فروغ کیلئے منعقدہ کھاد میلہ وپاکستان ہارٹی ایکسپو2023 کا آج اختتامی روز تھاجس میں محکمہ کے افسران اور کاشتکاروں امپورٹرز و ایکسپورٹرزکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس بین الاقوامی نمائش میں 9ممالک(سعودی عرب،موریشیس،سری لنکا،جنوبی افریقہ،کینیا،بحرین،تاجکستان،قازقستان اور روس) کے 45 وفود اور امپورٹرزو ایکسپورٹرز شریک بھی شریک ہوئے اور ملکی و بین الاقوامی اداروں کی طرف سے 100 سے زائد سٹالز ایکسپو سینٹر جوہر ٹان لاہور میں لگائے گئے۔

نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کا شعبہ قریبا 63 فیصدزرمبادلہ کے حصول کا زریعہ ہے جس کا مجموعی طور پر70 فیصد صوبہ پنجاب پر منحصر ہے۔

(جاری ہے)

کھجور اور سٹرس (کینو، مالٹا، سنگترہ) کی پیداوار کے لحاظ سے پاکستان کا شمار دنیا کے تیسرے بڑے ملک میں کیا جاتا ہے جبکہ آم کی پیداوار کے لحاظ سے پاکستان دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر ہے۔

دنیا بھر میں پاکستان کا ہارٹیکلچرل پراڈکٹس کی برآمد میں ایک نمایاں مقام ہے۔ پاکستان میں ایسے تمام وسائل موجود ہیں جن کی وجہ سے پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک ترجیحی ملک گرداناجائے۔ کھاد میلہ و پاکستان ہارٹی ایکسپو 2023کے انعقاد سے کاشتکاروں کو کھادوں کے متوازن استعمال اورہارٹیکلچرل کراپس کے متعلق آگاہی حاصل ہوئی۔اس کے ساتھ پاکستانی ہارٹیکلچرل پراڈکٹس کو دنیا بھر میں نئی منڈیاں ملنے کے امکانات روشن ہو ئے ہیں۔

اس نمائش سے کاشتکاروں،ملکی و بین الاقوامی کمپنیوں، پروسیسرز،درآمدو برآمد کنندگان کیلئے قومی و بین الاقوامی سطح پر رابطہ کاری کے وسیع مواقع میسر آئے اور انھوں نے30سے زائد بزنس میٹنگز بھی کیں۔ پاکستان ہارٹی ایکسپو2023 سے پاکستانی ہارٹیکلچر کراپس اور ان کی مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے دنیا بھر کے تاجروں سے رابطے میں مدد ملی ہے جس سے ہارٹیکلچر کے شعبے میں بہتری آئے گی اورہماری زرعی برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔

اس موقع پر ہارٹیکلچرہائی ویلیو ایگریکلچر کراپس اور ان کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کرنے بارے شرکا کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین نے خطاب کیا اور سٹرس سپلائی چین کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز پیش کیں۔ اختتامی تقریب میں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب فیصل ظہور،اسپشل سیکرٹری زراعت وقار حسین، ڈائریکٹر جنرل زراعت تو سیع ڈاکٹر انجم علی، چیف سائنٹسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد محمد نواز خان میکن و دیگر افسران نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے بیرونِ ممالک سے شریک ہونے والے مندوبین اور افسران کو یادگاری شیلڈز سے بھی نوازا۔