خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کردیا

خیبرپختونخوا حکومت دھماکے میں شہید افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کو تنہاء نہیں چھوڑے گی، نگران وزیراعلی اعظم خان

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 30 جنوری 2023 22:56

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کردیا
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جنوری۔2023 ) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔ نگران وزیراعلی اعظم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت دھماکے میں شہید افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کو تنہاء نہیں چھوڑے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پشاور پولیس لائن کی مسجد میں خودکش حملے کے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 47 تک جاپہنچی ہے جن میں مسجد کے امام بھی شامل ہیں جبکہ ریسکیو حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے کے نیچے سے مزید لاشیں اور زخمی برآمد ہونے کا امکان ہے ادھر گورنر کے پی کے حاجی غلام علی اور ڈپٹی کمشنر پشاور سمیت دیگر حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے کے نیچے سے مزید لاشیں برآمد ہونے کا خدشہ ہے اس کے علاوہ پشاور کے مختلف ہسپتالوں میں داخل150زخمیوں میں سے درجنوں کی حالت بہت نازک بتائی جارہی ہے . لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان کے مطابق ہسپتال میں 47 افراد ہلاک جبکہ 147 زخمی لائے جانے کی تصدیق کی ہے جن میں سے بیشتر پولیس اہلکار ہیں‘پولیس اورریسکیو حکام کے مطابق مسجد کے منہدم شدہ حصے میں دبے افراد کو نکالنے کا عمل جاری ہے. ڈپٹی کمشنرپشاور نے ریاض محسود نے کہا کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں گی کہ حملہ آور کیسے ایک ہائی سکیورٹی علاقے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور مسجد میں دھماکے میں ملوث دہشت گرد نماز کی پہلی صف میں موجود تھا‘خواجہ آصف نے کہاکہ پولیس کو نہ صرف ٹارگٹ کیا جا رہا ہے بلکہ جو وارننگ دی جا رہی ہیں اس میں پولیس کو سر فہرست رکھا گیا ہے سی ٹی ڈی میں بھی ان کا نشانہ پولیس ہی تھی.