غیرملکیوں کو ٹرانزٹ ویزا پر سعودیہ میں گاڑی چلانے کی اجازت

کار کے کرائے کے طریقہ کار کو ’ابشر بزنس‘ الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے انجام دیا جا سکتا ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 2 فروری 2023 12:39

غیرملکیوں کو ٹرانزٹ ویزا پر سعودیہ میں گاڑی چلانے کی اجازت
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 فروری 2023ء ) سعودی عرب نے غیرملکیوں کو ٹرانزٹ ویزا پر قیام کے دوران مملکت میں گاڑی چلانے کی بھی اجازت دے دی۔ سعودی گزٹ کے مطابق سعودی عرب کی طرف سے نئے متعارف کرائے گئے اسٹاپ اوور ٹرانزٹ ویزا رکھنے والوں کو مملکت میں چار روزہ قیام کے دوران کار چلانے کی بھی اجازت ہوگی، وہ لوگ جو ٹرانزٹ ویزے پر ہوائی سفر کے لیے آتے ہیں ڈرائیونگ کی اجازت کی سروس سے مستفید ہوسکتے ہیں جب کہ کار کرایہ پر لینے والی فرمیں ٹرانزٹ ویزا رکھنے والوں کو کرائے کی کاریں چلانے کی اجازت دینے کی سروس سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں، کاروں کے کرائے کے طریقہ کار کو وزارت داخلہ کے تحت ’ابشر بزنس‘ الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے انجام دیا جا سکتا ہے۔

پبلک سکیورٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گاڑیاں کرائے پر لینے کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا ہے کیوں کہ یہ زائرین کو وقت اور محنت کی بچت کرنے کے قابل بناتا ہے اور اس مقصد کے لیے ذاتی طور پر کسی ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے دفتر جانے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب نے تمام مقاصد کے لیے ہوائی جہاز کے ذریعے مملکت میں آنے والوں کے لیے الیکٹرانک اسٹاپ اوور ٹرانزٹ ویزا جاری کرنے کی سروس کا آغاز کیا ہے، جو 30 جنوری سے نافذ العمل ہے، مملکت میں چار دن کے قیام کے لیے ویزا کی مدت تین ماہ ہے، یہ ویزا بالکل مفت ہے اور اسے فلائٹ ٹکٹ کے ساتھ فوری جاری کیا جائے گا، وزارت نے یہ سروس متعلقہ حکام اور سعودی قومی ایئرلائنز کے تعاون سے شروع کی ہے، ٹرانزٹ ویزا مسافروں کو اجازت دیتا ہے کہ وہ سعودی عرب میں عمرہ کرنے اور مدینہ میں مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے علاوہ مملکت کے اندر سفر کرنے کے ساتھ سیاحتی تقریبات میں شرکت کرسکیں۔

وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ ٹرانزٹ ویزا کے لیے درخواستیں سعودی عربین ایئرلائنز اور فلائی ناس کے الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں، یہ درخواستیں خود بخود وزارت خارجہ کے یونیفائیڈ نیشنل ویزا پلیٹ فارم کو منتقل ہوجائیں گی تاکہ ڈیجیٹل ویزا کو فوری طور پر پروسیس کیا جا سکے اور اسے ای میل کے ذریعے فائدہ اٹھانے والے کو بھیجا جا سکے۔