ایپکس کمیٹی میں شہبازشریف کی گفتگو کی مذمت کرتے ہیں، اسد قیصر

حکومت کی توجہ دہشتگردی کے خاتمے پر بالکل بھی مرکوز نہیں ، امپورٹڈ حکومت کا رویہ فسطائیت پر مبنی ہے، یہ مخالفین کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں امپورٹڈ حکومت نے خیبرپختونخوا کے فنڈز روک لیے، 230 ارب واجب الادا ہیں،بیا ن

جمعہ 3 فروری 2023 22:14

ایپکس کمیٹی میں شہبازشریف کی گفتگو کی مذمت کرتے ہیں، اسد قیصر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی ایپکس کمیٹی میں گفتگو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ابھی بھی ہماری لیڈر شپ خیبرپختونخوا میں متحرک ہے، انہیں خیبرپختونخوا پولیس سے متعلق ایسی گفتگو سے گریز کرنا چاہیے تھا۔اپنے ایک بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ دہشتگردی سے سب سے زیادہ صوبہ خیبرپختونخوا متاثر ہوا، تحریک انصاف کے دور میں دہشتگردی پر مؤثر انداز میں قابو پایا گیا، ہمارے دور میں بم دھماکے، خودکش حملے یا دہشتگردی کے واقعات نہیں ہوئے، دہشتگردی سے متعلق تحریک انصاف کی پالیسی کامیاب رہی۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی قیادت بڑھتی دہشتگردی سے متعلق مسلسل آگاہ کر رہی ہے، حکومت کی توجہ دہشتگردی کے خاتمے پر بالکل بھی مرکوز نہیں ہے، امپورٹڈ حکومت کا رویہ فسطائیت پر مبنی ہے، یہ مخالفین کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے خیبرپختونخوا کے فنڈز روک لیے، 230 ارب روپے واجب الادا ہیں۔سابق سپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی بہتری کے لیے ذاتی رنجشیں بھلانے کو تیار ہیں، حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔