مارگلہ ہلز پر سگریٹ نوشی اور پلاسٹک بیگ لے جانے پر پابندی عائد

مارگلہ کی پہاڑیوں پر آتشزدگی اور درختوں کی غیرقانونی کٹائی کی روک تھام کیلئے 2 ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی

muhammad ali محمد علی بدھ 8 فروری 2023 23:39

مارگلہ ہلز پر سگریٹ نوشی اور پلاسٹک بیگ لے جانے پر پابندی عائد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 فروری2023ء) مارگلہ ہلز پر سگریٹ نوشی اور پلاسٹک بیگ لے جانے پر پابندی عائد۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر آتشزدگی اور درختوں کی غیرقانونی کٹائی کی روک تھام کےلئے اقدامات اٹھاتے ہوئے دو ماہ کےلئے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق انتظامیہ نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر سیروتفریح کےلئے آنے والوں کےلئے سخت ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت سگریٹ نوشی، گندگی پھیلانے اور پلاسٹک بیگز کے استعمال اور جلانے پر پابندی ہوگی۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے اس حوالے سے دفعہ 144 نافذ کردی ہے، درختوں کو کاٹنے والے افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہوگی ۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہوگا جو دو ماہ تک جاری رہے گا۔