سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مہم چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی

آن لائن پلیٹ فارمز کا غلط استعمال روکنے کیلئے کئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 ستمبر 2025 16:02

سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مہم چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2025ء ) حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مہم چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آگئی۔ دی نیوز اخبار کے مطابق سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مہم چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز ہوچکا ہے، معرکہ حق مہم کے دوران سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پوسٹس پر این سی سی آئی اے کی طرف سے اس میں ملوث افراد پر مسلح افواج کے خلاف مواد پھیلانے کے الزام میں 52 مقدمات درج کیے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ آن لائن پلیٹ فارمز کا غلط استعمال روکنے کیلئے کئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن کا مقصدغلط معلومات کو پھیلنے سے روکنا ہے، جب کہ انویسٹی گیشن ایجنسی نے 9 مئی کے واقعات کی تفتیش کے دوران پولیس کی معاونت میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں مشتبہ افراد کے ڈیجیٹل ریکارڈ اور پرانی پوسٹس کا تجزیہ کرکے ایسے شواہد اکٹھے کیے گئے جن کی بنیاد پر لاہور، سرگودھا اور میانوالی میں کئی ملزمان کو سزا سنائی گئی۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کا جن بے قابو ہوتا جارہا ہے جسے قابو کرنے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے کیوں کہ جس کا جہاں جی چاہتا ہے لوگوں کی پگڑی اچھالتا ہے اس کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتا ہوں، پارلیمنٹرینز اور پارلیمانی نظام کے خلاف سازش قابل مذمت ہے، اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو قوانین پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جو چینل پارلیمنٹ اور پارلیمانی نظام کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور پارلیمنٹرینز کے خلاف بغیر ثبوت کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں اس سے پارلیمنٹ کی ساکھ کمزور ہوگی، آئیے ہم اکھٹے ہو کر فیصلہ کریں کہ جو کسی کے خلاف الزام لگاتا ہے اسے ثابت بھی کرے، اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ مل بیٹھ کر کمیٹی بناتے ہیں کیوں کہ یہ مذاق بنا لیا گیا ہے کہ چھوٹے چھوٹے گروپ بنا کر بیورکریسی، سیاستدانوں کو بلیک میل کیا جاتا ہے، بدقسمتی سے ہم میں سے بہت سارے لوگ اس کا حصہ اور انہیں بڑھا وا دیتے ہیں۔