کوہاٹ، دفعہ 144 کی خلاف ورزی،انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ساؤتھ ریجن کے کنونیئر ثنا ء اللہ گرفتار

جمعرات 2 مارچ 2023 19:50

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2023ء) کرک پولیس نے دفعہ144 کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ساؤتھ ریجن کے کنونیئر اورکرک سے سابق ایم این اے شاہد خٹک کے ترجمان ثناء اللہ کو گرفتارکرلیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب پولیس نے اسلام آباد سے کرک آتے ہوئے آئی ایس ایف ساؤتھ ریجن کے کنونیئر‘ سابق ایم این اے شاہد خٹک کے ترجمان اور پی ٹی آئی رہنما ثناء اللہ کو تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کی حدودمیں گرفتار کیا گیا جنہیں جمعرات کی صبح مقامی عدالت میں پیش کرکے ضمانت کی عدم منظوری پرڈسٹرکٹ جیل کرک منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ تحصیل بانڈہ داؤدشاہ میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم این اے اور ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 34 سے اٴْمیدوار شاہد خٹک ‘پی ٹی آئی ضلعی صدر اور تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے تحصیل مئیرعنایت اللہ‘ کرک سٹی میئر عظمت خٹک اورثناء اللہ سمیت ایک درجن کے لگ بھگ ضلعی رہنماؤں اور ورکروںکے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر مقدمہ درج کرلیا تھا جنہوں نے چند روزقبل پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے علاقہ احمدی بانڈہ میں ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی ورکرز کنونشن کے نام سے ایک بہت بڑا جلسہ کرکے پاور شو کا انعقاد کیا تھا جس سے سابق ایم این اے اور ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 34 کرک سے اٴْمیدوار شاہد خٹک‘ تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے مئیر اور پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عنایت اللہ خٹک سمیت درجنوں مقامی رہنماؤں اور ورکروں نے خطاب کیا تھا۔